LIVE

علی امین گنڈاپور نے حفاظتی ضمانت کیلئے پشاور ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا

ویب ڈیسک
March 20, 2023
 

پولیس نے علی امین گنڈا پورپر ہنگامہ آرائی کا مقدمہ درج کیا ہے— فوٹو: فائل

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و سابق وفاقی وزیر علی امین گنڈاپور نے  بھکر کی داجل چیک پوسٹ پرہنگامہ آرائی کیس میں حفاظتی ضمانت کیلئے پشاور ہائیکورٹ ڈیرہ اسماعیل خان بینچ  سے رجوع کرلیا۔

پولیس کے مطابق علی امین گنڈاپور نے ڈیرہ اسماعیل خان جاتےہوئے داجل چیک پوسٹ پر مبینہ ہنگامہ آرائی کی، انہیں چیکنگ کے لیے روکا گیا تو انہوں نے چیک پوسٹ پر ہنگامہ کیا۔

پولیس کا کہنا ہےکہ کے پی کےاورپنجاب سرحد پرچیک پوسٹ پر تمام گاڑیوں کی انٹری کی جاتی ہے، چیک پوسٹ پر ہنگامہ آرائی کے بعد علی امین گنڈاپور فرار ہوگئے۔

پولیس نے علی امین گنڈا پورپر ہنگامہ آرائی کا مقدمہ درج کیا  ہے۔ پی ٹی آئی رہنما نے پشاور ہائیکورٹ ڈی آئی خان بینچ میں حفاظتی ضمانت کیلئے درخواست دائر کی ہے۔

ہائیکورٹ نے امین گنڈا پور کی حفاظتی ضمانت کی درخواست سماعت کیلئے منظور کرلی اور ڈی آئی خان بینچ میں درخواست پرکل سماعت ہوگی۔