LIVE

شہزادہ ولیم یوکرینی سرحد کے قریب اچانک دورے پر کیوں پہنچ گئے؟

ویب ڈیسک
March 23, 2023
 

پولینڈ میں برطانوی فوجی بیس کے دورے کے موقع پرشہزادہ ولیم نے برطانوی فوجیوں سے ملاقات کی: برطانوی میڈیا— فوٹو: پی اے میڈیا

برطانوی شہزادہ ولیم اچانک یوکرینی سرحد کے قریب پولینڈ میں قائم برطانوی فوجی بیس کے دورے پر پہنچ گئے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق یوکرینی سرحد کے قریب پولینڈ کے علاقے ژیشوف میں برطانوی فوجی بیس کے خفیہ دورے کے موقع پرشہزادہ ولیم نے برطانوی فوجیوں سے بھی ملاقات کی، دورے کے موقعے پر علاقے میں سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے تھے۔

شہزادہ ولیم کی جانب سے برطانوی حکومت کی گزارش پر  دورہ کیا گیا تھا تاہم وہ یوکرین پر روسی حملے کے معاملے پر  یوکرین کی حمایت کیلئے واضح موقف رکھتے ہیں۔

پولینڈ میں ژیشوف کا علاقہ یوکرینی سرحد سے صرف ایک گھنٹے کی مسافت پر موجود ہے جہاں برطانیہ کی جانب سے یوکرین کی مدد کیلئے فوجی بیس قائم کیا گیا ہے۔

شہزادہ ولیم نے ژیشوف کے فوجی بیس سے واپسی پر وارسوا میں یوکرینی مہاجرین کے مرکز کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے پناہ گزین عورتوں اور بچوں سے ملاقات کی۔

اس موقعے پر ان کا کہنا تھا کہ ہمارے یوکرین کے ساتھ بہت مضبوط تعلقات ہیں، اور ہم یوکرین کے لوگوں کی آزادی کیلئے اپنی حمایت اور تعاون برقرار رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ میرے دورے کا مقصد پولینڈ اور برطانوی افواج کا  ان نازک حالات کے دوران  جاری پارٹنرشپ پر شکریہ ادا کر سکوں اور یوکرین کے مہاجرین کیلئے اپنے دلوں اور گھروں کے دروازے کھولنے پر پولینڈ کے عوام کی انسان دوستی کو خراج تحسین پیش کرسکوں۔

اپنے دو روزہ دورے کے موقع پر شہزادہ ولیم صدارتی محل میں پولینڈ کے صدر سے بھی ملاقات کریں گے۔