LIVE

نیمار کی کم عمر مداح کا امتحان میں میسی سے متعلق آئے سوال پر دلچسپ جواب

ویب ڈیسک
March 26, 2023
 

میں اس سوال کا جواب نہیں دینا چاہتی، میں برازیل کی فین ہوں اور نیمار کو پسند کرتی ہوں، مجھے میسی نہیں پسند: رسا فاطمہ/ فوٹو سوشل میڈیا

برازیل کے فٹبالر نیمار کی کم عمر مداح نے امتحان میں میسی سے متعلق آئے سوال پر دلچسپ جواب دیا جوکہ وائرل ہوگیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق بھارت کی ریاست کیرالہ کی رہائشی 9 سالہ رسا فاطمہ چوتھی جماعت کی طالبہ ہے، اس کا امتحان میں دیا جانے والا جواب اتنا دلچسپ تھا کہ سوشل میڈیا پر تیز ی سے مقبول ہوگیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق رسا کے امتحانی پرچے میں ارجنٹینا کے مشہور فٹبالر لیونل میسی پر ایک سوال آیا جس میں میسی کی کامیابی، ایوارڈز، فیملی اور فٹبالر سے متعلق دیگر سال پوچھےگئے تھے اور امتحان میں اس سوال کے 4 نمبر تھے۔

لیکن رسا کو یہ سوال پسند نہیں آیا اور اس نے میسی سے متعلق لکھنے سے منع کردیا کیونکہ رسا برازیل کے فٹبالر نیمار کی بہت بڑی فین ہے اور اس نے اپنی معصومیت میں دلچسپ جواب دیا۔

رسا نے لکھا کہ میں اس سوال کا جواب نہیں دینا چاہتی، میں برازیل کی فین ہوں اور نیمار کو پسند کرتی ہوں، مجھے میسی نہیں پسند۔ 

استاد نے رسا کے جواب کو انتہائی دلچسپ پایا اور انہوں نے امتحانی پرچے کی تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کردی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق استاد کی جانب سے بتایا گیا  کہ فٹبالر نیمار اور رونالڈو کے ننھے مداح اکثر اپنا غصہ امتحانی پرچے پر نکالتے ہیں۔