LIVE

حالیہ بارشوں سے گندم کا پیداواری ہدف 17 لاکھ ٹن کم ہوگیا

سیف الرحمان
March 29, 2023
 

بارشوں سے گندم کی زیر کاشت 7 لاکھ 24 ہزار ایکڑ سے زائد رقبے کونقصان ہوا، پنجاب میں گندم کے 4.3 فیصد خیبرپختونخوا میں 1.71 فیصدرقبے کانقصان ہوا— فوٹو: فائل

حالیہ بارشوں سے گندم کا پیداواری ہدف 17 لاکھ ٹن گرگیا، ہدف 28.37 ملین ٹن سے کم ہو کر 26.67 ملین ٹن پر آگیا۔

نیشنل فوڈ سکیورٹی کی رپورٹ کے مطابق بارشوں سے گندم کی زیر کاشت 7 لاکھ 24 ہزار ایکڑ  سے زائد رقبے کونقصان ہوا، پنجاب میں گندم کے 4.3 فیصد خیبرپختونخوا میں 1.71 فیصدرقبے کانقصان ہوا۔

  وزارت نیشنل فوڈسکیورٹی اینڈ ریسرچ کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق پنجاب میں جہلم، ملتان، مظفر گڑھ، راجن پور، ٹوبہ ٹیک سنگھ، کوٹ ادو،  پاک پتن، فیصل آباد، ننکانہ صاحب، شیخوپورہ، گوجرانوالہ اور حافظ آباد میں گندم کی فصل متاثر ہوئی۔

خیبر پختونخوا کے 17 اضلاع میں گندم کی فصل متاثر ہوئی، بلوچستان سے ابھی ڈیٹا آنا ہے تاہم بلوچستان میں 30سے 40فیصد نقصان کا اندازہ صرف جھل مگسی اور کوہلو سے ہے۔

سبی، نصیر آباد، صحبت پور ، زیارت ، قلات اور قلعہ سیف اللہ میں گندم کی فصل متاثر ہوئی۔

سندھ میں تاحال بارشوں سے کوئی نقصان رپورٹ نہیں کیاگیا۔ بارشوں سے گندم کے نقصانات کی حتمی رپورٹ آئندہ 10 روز تک آجائے گی۔