LIVE

ایک دم زیادہ وزن کم کرنے کے باعث اعظم ہارڈ ہٹنگ کی طاقت کھو سکتا ہے: ٹرینر

محمد مزمل آصف
March 30, 2023
 

پاکستان کرکٹ ٹیم کے جارحانہ بلے باز اعظم خان کو افغانستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے دو میچز میں پرفارم نہ کرنے پر سوشل میڈیا پر سخت تنقید کا سامنا ہے جس کے بعد اب ان کے ٹرینر حمایت میں سامنے آئے ہیں۔

شہزر محمد، اعظم خان سمیت پاکستان کے کئی معروف کرکٹرز کے ٹرینر اور خود بھی فرسٹ کلاس کرکٹر ہیں، انہوں نے اعظم کے وزن پر ہونے والی تنقید کو غیر منصفانہ قرار دیا ہے۔

جیو سپر سے گفتگو کرتے ہوئے شہزر نے کہا کہ 'میں جانتا ہوں کہ ایک کھلاڑی کو ایتھلیٹ جیسا فٹ نظر آنا چاہیے لیکن اعظم ہیوی ویٹ کیٹیگری میں آتا ہے، ہر اسپورٹ میں کیٹیگری ہوتی ہے، بدقسمتی سے کرکٹ میں دیگر کھیلوں جیسے باکسنگ اور یو ایف سی کی طرح کوئی تقسیم نہیں ہے'۔

شہزر نے کہا کہ 'آپ کو اعظم کے چھکے پسند ہیں، اس کا اسٹرائیک ریٹ پسند ہے کہ وہ پورا گیم ہی تبدیل کردیتا ہے، یہ اس کے سائز کی وجہ سے ہے، میں یہ نہیں کہہ رہا ہے اعظم کو فٹ ہونے کی ضرورت نہیں ہے، ظاہر ہے، ضرورت ہے، جیسے رضوان اور شان مسعود کی فٹنس ہے'۔

فٹنس ٹرینر نے کہا کہ 'اعظم کو تنقید سے کوئی فرق نہیں پڑتا کیونکہ وہ ذہنی طور پر مضبوط ہے لیکن اگر حقائق دیکھیں تو اس کا اسٹرائیک ریٹ دنیا کے بہترین اسپنرز کے خلاف دنیا میں سب سے اچھا ہے'۔

انہوں نے کہا کہ 'کسی کے دو میچز گندے چلے جائیں تو اس پر تنقید شروع ہوجاتی ہے، جب آصف علی کو اتنا موقع دیا گیا تو اسے بھی دینا چاہیے'۔

شہزر محمد کا یہ بھی کہنا تھا کہ 'بڑے پیمانے پر وزن میں کمی کی صورت میں اعظم اپنی ہارڈ ہٹنگ کی طاقت کھو سکتا ہے'۔

واضح رہے کہ شہزر کی ٹریننگ میں اعظم خان نے 3 سے 4 ماہ میں 30 کلو وزن کم کیا تھا۔

خیال رہے کہ اعظم خان نے افغانستان کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میں صفر اور دوسرے میں صرف 1 رن بنایا جب کہ انہیں تیسرا میچ نہیں کھلایا گیا، وکٹ کیپنگ میں بھی اعظم سے کیچز ڈراپ ہوئے، گیند دستانوں میں نہ آنے کے سبب 4 رنز بھی بنے۔