LIVE

بھارت: مندر میں کنویں پر بنا فرش ٹوٹنے سے 13 افراد ہلاک

ویب ڈیسک
March 30, 2023
 

رام نوامی تہوار کے موقعے پر لوگوں کے رش کی وجہ سے کنویں کے اوپر بنا فرش ٹوٹ گیا جس سے کئی افراد سیکڑوں فٹ گہرے کنویں میں جا گرے: بھارتی میڈیا— فوٹو: اسکرین گریب

بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے شہر اندور میں رش کے باعث کنویں کے اوپر بنے مندر کا فرش ٹوٹنے کے بعد نیچے گرنے سے 13 افراد ہلاک جبکہ درجنوں زخمی ہو گئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اندور کے شری بالیشور مندر میں رام نوامی تہوار کے موقعے پر لوگوں کے رش کی وجہ سے کنویں کے اوپر بنا فرش ٹوٹ گیا جس سے کئی افراد سیکڑوں فٹ گہرے کنویں میں جا گرے، واقعے میں 13 افراد ہلاک جبکہ درجنوں زخمی ہوئے۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے مدھیہ پردیش کے وزیر داخلہ نروتم مشرا کا کہنا تھا کہ اس ناخوشگوار واقعے میں ہلاک ہونے والے 13 افراد میں سے 10 عورتوں اور ایک مرد کی لاشیں کنویں سے نکال لی گئی ہیں،  جبکہ 19 افراد کو ریسکیو کر لیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ شیو راج سنگھ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے امدادی سرگرمیاں تیز کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔