LIVE

ایک بے ضرر ویب لنک اینڈرائیڈ فونز پر واٹس ایپ کو مسلسل کریش کرنے لگا

ویب ڈیسک
June 02, 2023
 

ایک رپورٹ میں اس بارے میں بتایا گیا / فائل فوٹو

واٹس ایپ دنیا کی مقبول ترین مسیجنگ سروس ہے تو اس میں روزانہ ہی صارفین لاتعداد ویب لنکس ایک دوسرے کو بھیجتے ہیں۔

مگر حالیہ دنوں میں ایک عام سا ویب لنک واٹس ایپ کی اینڈرائیڈ ایپ کو کریش کرنے کا باعث بن رہا ہے۔

ایک رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ پر ویب لنک wa.me/settings بھیجنے سے اینڈرائیڈ ایپ کریش ہو جاتی ہے۔

یہ مسئلہ بظاہر واٹس ایپ کی اینڈرائیڈ ایپ میں ہی نظر آ رہا ہے۔

عام طور پر اس لنک پر کلک کرنے سے واٹس ایپ سیٹنگز اوپن ہوتی ہیں مگر اب کسی نامعلوم بگ (bug) کے باعث ایپ مکمل طور پر کریش ہوکر دوبارہ ری اسٹارٹ ہوتی ہے۔

ری اسٹارٹ ہونے پر ایپ معمول کے مطابق کام کرنے لگتی ہے تاہم صارف کی جانب سے اس لنک والی چیٹ کو دوبارہ اوپن کرنے پر ایپ دوبارہ بند ہو جاتی ہے۔

اگر اس چیٹ کو مسلسل اوپن کرنے کی کوشش کریں گے تو ایسا بار بار ہوگا، البتہ دیگر چیٹس اس لنک سے متاثر نہیں ہوتیں۔

فی الحال کمپنی کی جانب سے اس کا کوئی حل پیش نہیں کیا گیا۔

مگر مخصوص چیٹ میں موجود لنک کو واٹس ایپ کے ویب ورژن کے ذریعے ڈیلیٹ کرنا ممکن ہے۔

لنک ڈیلیٹ کرنے کے بعد فون پر اس مخصوص چیٹ کو اوپن کرنا ممکن ہوجائے گا۔