LIVE

وفاقی وزیر صحت نے غیر رجسٹرڈ اور ممنوعہ روایتی سرنجوں کی فروخت کا نوٹس لے لیا

محمد وقار بھٹی
November 14, 2023
 

اس حوالے سے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان (ڈریپ) نے فیلڈ دفاتر اور صوبائی محکمہ صحت کو ہدایات جاری کردی ہیں: نگران وزیر صحت/ فائل فوٹو

اسلام آباد: نگران وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان نے غیر رجسٹرڈ اور ممنوعہ روایتی سرنجوں کی فروخت کا نوٹس لے لیا۔

ترجمان وزارت صحت کے مطابق نگران وفاقی وزیرصحت نے غیر رجسٹرڈ اور ممنوعہ روایتی سرنجوں کی فروخت کے خلاف مہم کی ہدایت کی ہے جس پر مارکیٹ سروے کا آغاز کردیا گیا ہے۔

نگران وفاقی وزیرصحت نے کہا کہ اس حوالے سے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان (ڈریپ) نے فیلڈ دفاتر اور صوبائی محکمہ صحت کو ہدایات جاری کردی ہیں۔

ڈاکٹر ندیم جان کا کہنا تھا کہ روایتی سرنجوں کو بار بار استعمال کیا جاسکتا ہے جس کا استعمال ہیپاٹائٹس اور ایڈز کے پھیلاؤ کا سبب بن سکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ممنوعہ مصنوعات کی فروخت، تقسیم اور اسٹاکنگ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی جب کہ جعلی اور غیر رجسٹرڈ دواؤں کےخاتمے کیلئے مربوط حکمت عملی بنادی گئی ہے جس کیلئے ملک بھر میں نیشنل ٹاسک فورس چھاپے مار رہی ہے۔