LIVE

غصے سے بپھرے مسافر نے پرواز میں تاخیر کا اعلان کرتے پائلٹ کو تھپڑ جڑ دیا، ویڈیو وائرل

ویب ڈیسک
January 15, 2024
 

پاکستان سمیت بھارت اور دنیا بھر میں سردی کی وجہ سے پڑنے والی دھند کے باعث پروازیں تاخیر کا شکار ہیں اور مسافروں کو کئی کئی گھنٹوں تک کبھی جہاز تو کبھی ائیرپورٹ پر انتظار کرنا پڑ رہا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک ویڈیو  منظر عام پر آئی ہے جو کہ انڈیگو طیارے کی ہے جس نے دہلی سے گوا کے لیے اڑان بھرنی تھی لیکن دھند کے باعث فلائٹ وقت پر روانہ نہ ہوسکی۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک مسافر غصے میں پائلٹ کی جانب بڑھا جو کہ تاخیر کا اعلان کررہا تھا، اعلان کرتے پائلٹ کو مسافر نے زوردار تھپڑ مارا جس سے وہ پیچھے ہٹ گیا۔

تھپڑ کے دوران مسافر اور پائلٹ کے درمیان ائیر ہوسٹس آگئی جس نے مسافر پر غصہ کا اظہار کیا۔

ائیر ہوسٹس نے مسافر سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ جو آپ نے کیا وہ انتہائی غلط تھا، سر آپ ایسا نہیں کرسکتے، جہاز میں سوار دیگر مسافروں نے انڈیگو کو فلائٹس میں تاخیر کا ذمہ دار ٹھہرایا اور ساتھ ہی مسافر کی عدم برداشت کی صفائی دینے کی کوشش بھی کی۔

مسافر کی شناخت ساحل کٹاریہ کے نام پر ہوئی جسے سکیورٹی فورسز کے حوالے کردیا گیا ہے۔ 

طیارے کے پائلٹ نے مسافر کے خلاف دہلی پولیس میں شکایت درج کرائی جس کی بنیاد پر کیس میں ایف آئی آر درج کی گئی ہے اور معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے۔

ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو صارفین نے مسافر پر سخت تنقید کی اور کہا کہ ان سب میں طیارے کا عملہ قصور وار نہیں ہے، انہیں جیسے ہدایات دی جاتی ہیں وہ ویسے ہی کام کرتے ہیں۔