LIVE

پی ٹی آئی کا حامد خان کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا چیئرمین بنانے کا فیصلہ

ویب ڈیسک
April 24, 2024
 

حکومت شیرافضل مروت کو رکھنے یا لینےکوتیار نہیں تھی، حامدخان کو وکلاسیاست کا تجربہ ہے لیکن شیرافضل مروت کو سائیڈلائن نہیں کیا: لطیف کھوسہ— فوٹو:فائل

پاکستان تحریک انصاف نے سینیئر رہنما حامد خان کو پارلیمنٹ کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا چیئرمین بنانے کا فیصلہ کرلیا۔

جیو نیوز سے گفتگو میں رہنما پی ٹی آئی لطیف کھوسہ کا کہناتھاکہ پارٹی نے حامد خان کے تجربے کو دیکھتے ہوئے چیئرمین پی اےسی کیلئے نام تجویز کیا، پارٹی کی قیادت نے سوچ سمجھ کر فیصلہ کیا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت شیرافضل مروت کو رکھنے یا لینے کو تیار نہیں تھی، حکومت کا رویہ آپ نے دیکھا اس کے بعد نیا نام آیا ہے، حامد خان کو زیادہ مناسب سمجھا گیا اس لیے نام دیا گیا۔

لطیف کھوسہ کا کہنا تھاکہ شیرافضل مروت کا سیاسی ورکرز کو اکٹھا کرنے میں کردار ہے، حامدخان کو وکلاسیاست کا تجربہ ہے لیکن شیر افضل مروت کو سائیڈ لائن نہیں کیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز جیو نیوز سے گفتگو میں شیر افضل مروت نے کہا تھا کہ پارٹی کے کچھ رہنما عمران خان کو مجبور کر رہے تھے کہ شیر افضل مروت کو چیئرمین پی اے سی نہ لگایا جائے اور کسی اور کا نام دیا جائے تاہم عمران خان نے ان کی چال الٹ دی۔