LIVE

ایسا نہیں ہوگا کہ ہم قانون بنائیں اور آپ اپنی مرضی کی تشریح کرلیں: سینیٹر فیصل واوڈا

ویب ڈیسک
April 25, 2024
 

فوٹو: فائل

سینیٹر فیصل واوڈا نےکہا ہےکہ ایسا نہیں ہوگا کہ ہم قانون بنائیں اور  آپ اپنی مرضی کی تشریح کرلیں۔

 آزاد  حیثیت میں منتخب ہونے والے سینیٹر فیصل واوڈا نے ایوان میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے بنائے ہوئے قانون کو ہمارے ہی خلاف استعمال کیا جاتا ہے، ہم اس ایوان میں اپنے پیٹی بھائیوں کا دفاع کریں گے۔

فیصل واوڈا نے سوال اٹھایا کہ بھٹو کو پھانسی دینے کے معاملے کا احتساب کیوں نہيں ہوا؟ پھانسی دینے والوں کو سزا کیوں نہیں دی گئی؟

فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ  اب یہاں پگڑیاں نہیں اچھالنے دیں گے، ہم نے آئین اورقانون کی دھجیاں اڑتی دیکھی ہیں، میری والدہ بسترمرگ پرتھیں جب میری پگڑی اچھالی گئی، آصف  زرداری کو 14 سال قید بامشقت میں رکھا گیا مگر شواہد پیش نہیں کیے گئے۔

ان کا کہنا تھا کہ صحیح بات کرنے پر پارٹی سے نکالا گیا تو میں نے اپنی سیٹ واپس کی، میں ان لوگوں میں سے نہیں جنہوں نے 9 مئی کے بعد اپنے چیئرمین کے خلاف پریس کانفرنس کی اور سیٹیں بھی اپنے پاس رکھیں، میں، میرے بچے، والدین سب دوسرے ملک کی شہریت کے اہل تھے مگر دوسری شہریت نہیں لی۔