26 اپریل ، 2024
انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس سندھ غلام نبی میمن نے شہریوں کو اپنے گھروں اور کاروباری مقامات پر خود ہی کیمرے لگوانے کا مشورہ دے دیا۔
آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ عوام پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کا ساتھ دیں، شہری اپنے گھروں اور کاروباری مقامات پر کیمرے نصب کروائیں جہاں ضرورت ہو وہاں رضاکارانہ طورپر گواہی کے لیے تعاون کریں۔
دوسری جانب آئی جی سندھ کو رواں سال جرائم اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں سے متعلق رپورٹ بھی پیش کردی گئی ہے جس میں ڈکیتی مزاحمت پر جاں بحق شہریوں کی تعداد حقیقت کے برعکس نظر آئی۔
رواں سال ڈکیتی مزاحمت پر63 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ رپورٹ میں یہ تعداد 48 بتائی گئی ہے، رپورٹ میں ملزمان کی گرفتاریوں، مقدمات میں پیشرفت اور منطقی انجام تک پہنچنے والے کیسز کا بھی بتایا گیا۔
رپورٹ کے مطابق رواں سال ڈکیتی کے دوران قتل کے 46 مقدمات درج ہوئے جن میں سے27 مقدمات کو پولیس نے حل کرکے مجرمان کو کیفرکردار تک پہنچایا جبکہ مختلف پولیس مقابلوں میں 13ملزمان ہلاک ہوئے اور 33کو گرفتار کیا گیا۔
قتل کے دیگر 12 مختلف مقدمات میں سے بھی پولیس نے 8 حل کرلیے۔