LIVE

طوفانی بارشیں:کوئٹہ زیارت شاہراہ کئی مقامات پر آبی ریلوں میں بہہ جانے سے سیاح پھنس گئے

ویب ڈیسک
April 27, 2024
 

بلوچستان کے متعدد مقامات پر طوفانی بارشوں اور  ژالہ باری سے رابطہ سڑکوں، باغات اور سولر  پینلز کو نقصان پہنچا ہے، کوئٹہ زیارت شاہراہ کئی مقامات پر آبی ریلوں میں بہہ جانے سے بڑی تعداد میں سیاح پھنس گئے۔

شمال مغربی بلوچستان میں طوفانی بارشوں اور ژالہ باری سے ندی نالوں میں طغیانی ہے، رابطہ سڑکوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

نوشکی میں آسمانی بجلی گرنے سے بچی اور خاتون زخمی ہوگئیں اور ایک درجن بھیڑ بکریاں مر گئیں۔ تفتان کے قریب سیلابی ریلے میں ایک شخص بہہ گیا جس کی لاش نکال لی گئی۔ مستونگ میں علاقہ کونہ آبادکی سڑک بہنے سے زمینی رابطہ منقطع ہے۔

کوئٹہ چمن بین الاقوامی شاہراہ،کوژک ٹاپ، شیلاباغ اور  متعدد مقامات کو سیلابی ریلوں سے شدید نقصان پہنچا ہے۔

پشین کے کئی علاقوں میں شدید ژالہ باری سے انگور، سیب اور انار کے باغات کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ قلعہ سیف اللہ کے علاقوں میں بڑے سائز کے اولے  پڑنے سے فصلوں، باغات اور زرعی ٹیوب ویلوں کے سولر پینلز کو نقصان پہنچا ہے جب کہ ضلع زیارت کے بالائی مقامات پر بھی ژالہ باری سے فصلیں اور باغات متاثر ہوئے ہیں۔

کوئٹہ زیارت شاہراہ کئی مقامات پر سیلابی ریلوں میں بہہ گئی ہے جس کے باعث  بڑی تعداد میں سیاح بھی پھنسے ہوئے ہیں۔