LIVE

فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم کیخلاف طلبہ کا احتجاج یونان اور لبنان تک پہنچ گیا

ویب ڈیسک
April 30, 2024
 

یونان اور لبنان کی جامعات میں بھی طلبا نے اسرائیلی جارحیت کے خلاف مظاہرہ کیا— فوٹو: رائٹرز

فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم کے خلاف طلبہ کے احتجاج کا سلسلہ دنیا بھر کی جامعات میں پھیلنے لگا۔

امریکا، کینیڈا، فرانس اور آسٹریلیا کی جامعات کے بعد یونان اور لبنان کی جامعات میں بھی طلبہ نے غزہ میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف مظاہرہ کیا۔

امریکی جامعات میں احتجاج کا سلسلہ تیرہویں روز بھی جاری رہا، کولمبیا یونیورسٹی انتظامیہ نے احتجاج میں شریک طلبہ کو معطل کرنا شروع کردیا۔ 

کئی جامعات میں پولیس اور طلبہ میں جھڑپیں ہوئیں،  ورجینیا، نیو اورلِینز اور آسٹن یونیورسٹی میں 160 سے زیادہ طلبہ گرفتار ہوچکے ہیں۔ 

18 اپریل سے جاری احتجاج میں اب تک ایک ہزار سے زیادہ مظاہرین گرفتار کیے جاچکے ہیں، طلبہ کے  احتجاج پر فرانس کی علاقائی انتظامیہ نے پیرس کی سائنسز پو یونیورسٹی کی فنڈنگ روک دی۔ 

وہیں مقبوضہ مغربی کنارے کے علاقے رام اللہ کی بیر زیت  یونیورسٹی میں جرمن سفیر کی آمد پر طلبہ نے احتجاج کیا جس کے باعث جرمن سفیر کو دورہ ادھورا چھوڑ کر واپس جانا پڑا۔