LIVE

سابق چیف جسٹس سیاسی تھا جو خود صدر بننا چاہتا تھا، آصف زرداری

ویب ڈیسک
March 24, 2017
 

سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ سابق چیف جسٹس سیاسی جج تھا وہ خود صدر بننا چاہتا تھا، بعد میں جج نے سیاسی جماعت بنا کر میری بات ثابت کردی، میں اس جج کو کہوں گا کہ شرم کرو ۔

سابق وزیر حج حامد سعید کاظمی کے ہمراہ ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ کاظمی صاحب کو باعزت رہائی پر مبارکباد دیتا ہوں، ان پر الزام لگانے والوں کو شرم آنی چاہیے۔

آصف زرداری کا کہنا تھا کہ ہمیں یہ پتا ہے کہ میاں صاحب کے خلاف کبھی فیصلہ نہیں آیا، بی بی نے ایک بار کہا تھا کہ پتا نہیں کیا ہے کہ میاں صاحب کے خلاف اور ہمارے حق میں کبھی فیصلہ نہیں آتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم پورا پنجاب لیں گے، ہمیں سیکیورٹی دیں یا نہ دیں ،ہم نکلیں گے اور پنجاب میں جلسے کریں گے، عام انتخابات میں پورا پنجاب پیپلز پارٹی کا ساتھ دے گا۔

انہوں نے کہا کہ بینظیر قتل کیس میں جتنے سیاسی ایکٹرز تھے ان کو اللہ نے سزا دے دی، بلاول بھٹو زرداری مکمل آزاد ہیں اور وہ پارٹی کی تنظیم نو کر رہے ہیں۔