LIVE

مصنوعی مٹھاس سے جان لیوا امراض کا خطرہ، تحقیق

ویب ڈیسک
July 18, 2017
 

چینی کا زیادہ استعمال صحت کے لیے کسی طور بہتر نہیں اور اب اس حوالے سے نئی تحقیق سامنے آئی ہے جس میں کہا گیاہےکہ مصنوعی مٹھاس آپ کو جان لیوا  امراض میں مبتلا کرسکتی ہے۔

ماہرین کے مطابق مصنوعی مٹھاس سے موٹاپا، کولیسٹرول کا بڑھنا، بلڈ پریشر اور دیگر امراض جیسے شکایات کا سامنا ہوسکتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ مصنوعی مٹھاس کا استعمال انتہائی مضر صحت ہے اس سے اکثر وزن میں تیزی سے اضافہ ہوتاہے اور موٹاپا تیزی سے بڑھتا ہے۔

جب کہ مصنوعی مٹھا س سے میٹابولزم، گٹ بیکٹیریا اور بھوک پر بھی منفی اثرات پڑتے ہیں۔

کینیڈا کی مینی ٹوبا یونیورسٹی میں کی جانے والی تحقیق کے مطابق چینی کے متبادل کوئی مصنوعی مٹھاس استعمال کرنا یا سکرولوس اور سٹیویا کا استعمال ہائی بلڈ پریشر اور دل کے امراض کا خدشہ زیادہ بڑھا دیتا ہے۔

کینیڈین میڈیکل ایسوسی ایشن جرنل میں شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق ایک ہزار سے زائد لوگوں کو 6 ماہ تک مصنوعی مٹھاس دی گئی اور ان کی صحت کا جائزہ لیا گیا جس سے پتا چلا کہ مصنوعی مٹھاس سے وزن کا متوازن رہنا یا کم ہونے کے اثرات سامنے نہیں آئے بلکہ یہ شوگر، موٹاپے، بلڈ پریشر، دل کے امراض اور دیگر بیماریوں کا سبب بنتی ہے۔

ماہرین کے مطابق مصنوعی مٹھاس صحت کا وزن متوازن اور برقرار رکھنے میں مثبت کردار ادا نہیں کرتی۔ اس لیے اپنی غذا میں خالص مٹھاس شامل رکھیں اور چینی کا استعمال بھی کم سے کم رکھیں۔