LIVE

پاکستان پر بھروسہ کم ہوتا جا رہا ہے، امریکی وزیرخارجہ

ویب ڈیسک
August 23, 2017
 

امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹیلرسن نے خبردار کیا ہے کہ اگر پاکستان دہشت گردوں کو محفوظ ٹھکانے فراہم کرتا رہا تو وہ نان نیٹو اتحادی کی حیثیت کھو دے گا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے افغانستان اور جنوبی ایشیا سے متعلق نئی پالیسی پر میڈیا کے نمائندوں کو بریفنگ دیتے ہوئے ریکس ٹیلرسن کا کہنا تھا کہ پاکستان دہشت گردوں کو محفوظ ٹھکانے فراہم کر رہا ہے جس کی وجہ سے اُس پر بھروسہ کم ہوتا جارہا ہے۔

امریکی وزیر خارجہ نے الزام عائد کیا کہ پاکستان دہشت گرد تنظیموں کو محفوظ ٹھکانے فراہم کر رہا ہے جہاں سے امریکی فوجیوں پر حملے اور افغانستان میں امن کی کوششوں کو سبوتاژ کرنے کی منصوبہ بندی کی جاتی ہے۔

ریکس ٹیلرسن کا کہنا تھا کہ ٹرمپ انتظامیہ نے دہشت گردوں کو محفوظ ٹھکانے فراہم کرنے والوں کو نوٹس پر رکھ لیا ہے اور صدر ٹرمپ کا موقف واضح ہے کہ جہاں دہشت گرد ہونگے تو امریکا انہیں نشانہ بنائے گا۔

امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کو دہشت گردوں کے خلاف نئی حکمت عملی بنانی ہوگی اور افغان جنگ کے خاتمے کا سب سے زیادہ فائدہ بھی پاکستان کو ہی ہوگا۔ 

خیال رہے کہ گزشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان، افغانستان اور جنوبی ایشیا سے متعلق اپنی نئی پالیسی کا اعلان کیا۔

صدر ٹرمپ کا پالیسی اعلان کے موقع پر خطاب کے دوران کہنا تھا کہ پاکستان کو اربوں ڈالر دیتے ہیں مگر وہ دہشت گردوں کو پناہ دیتا ہے، پاکستان میں دہشت گردوں کی پناہ گاہوں پر خاموش نہیں رہیں گے۔

پاکستان کے خلاف سخت رویہ اپناتے ہوئے امریکی صدر کا کہنا تھا کہ افغانستان میں ہمارا ساتھ دینے سے پاکستان کو فائدہ اور دوسری صورت میں نقصان ہوگا۔

امریکی صدر نے اپنے خطاب میں بھارت کی تعریف کرتے ہوئے کہا تھا کہ افغانستان میں بھارت کے کردار کے معترف ہیں اور چاہتے ہیں کہ بھارت افغانستان کی معاشی ترقی میں کردار ادا کرے۔

دوسری جانب چین نے امریکی صدر کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان فرنٹ لائن پر رہا اور پاکستان نے اس جنگ میں عظیم قربانیاں اور تعاون پیش کیا۔

چینی دفتر خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ عالمی برداری کو پاکستان کی انسداد دہشت گردی کی کوششوں کو مکمل طور پر تسلیم کرنا چاہیے۔