LIVE

روہنگیا مسلمانوں پر تشدد جاری رہا تو خطہ عدم استحکام کا شکار ہوگا، اقوام متحدہ

ویب ڈیسک
September 06, 2017
 

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اینٹونیو گٹرس نے میانمار کو خبردار کیا ہے کہ روہنگیا مسلمانوں کے ساتھ کئے جانے والے سلوک کا سلسلہ جاری رہا تو پورا خطہ عدم استحکام کا شکار ہوجائے گا۔

اقوامتحدہ کے سیکرٹری جنرل نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ میانمار میں اقلیتوں پر تشدد انسانیت کی تباہی کے مترادف ہے۔

انہوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل پر زور دیا کہ اس معاملے پر پرسکون رہنے کے بجائے اقدامات کئے جائیں۔

اینٹونیو گٹرس نے کہا کہ میانمار حکومت فوری طور پر اپنی پالیسی پر نظر ثانی کرتے ہوئے روہنگیا مسلمانوں کو یا تو شہریت دے یا انہیں قانونی حیثیت دے تاکہ وہ آزاد زندگی گزار سکیں۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے میانمار کی فوج اور حکام سے اپیل کی کہ وہ مغربی ریاست راکھنی میں تشدد کے خاتمے کے لئے کردار ادا کرے۔

خیال رہے کہ میانمار کی ریاست راکھنی میں فوج اور بدھ مت کے پیروکار بعض انتہاپسندوں نے روہنگیا مسلمانوں کے گھروں کو نذر آتش کرتے ہوئے انہیں بدترین تشدد کا نشانہ بنایا۔

ریاستی سرپرستی میں انسانیت سوز سلوک کے بعد ایک لاکھ 30 ہزار سے زائد روہنگیا مسلمان پڑوسی ملک بنگلادیش ہجرت کر گئے ہیں۔ 

دوسری جانب ترک صدر رجب طیب اردوان نے میانمار کی سربراہ آنگ سان سوکی کو فون کیا اور انہیں روہنگیا مسلمانوں کی مدد کے لئے امداد کی پیشکش کی جو انہوں نے قبول کرلی۔