وہاڑی: وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی ہدایت پر وہاڑی کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز (ڈی ایچ کیو) اسپتالکے نو تعمیر شدہ میڈیکل وارڈ کو پاک فوج کے شہید سیکنڈ لیفٹیننٹ عبدالمعید کے نام سے منسوب کردیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھٹی کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر شہید عبدالمعید کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ایک پر وقار تقریب کا اہتمام بھی کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ سیکنڈ لیفٹیننٹ عبدالمعید کی قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق نئے میڈیکل وارڈ کوشہید کے نام سے منسوب کرنا وہاڑی کے لیے ایک بڑا اعزاز ہے اور قوم دہشت گردوں کے عزائم کو خاک میں ملانے کے لیے پرعزم ہے۔
یاد رہے کہ سیکنڈ لیفٹیننٹ عبدالمعید گذشتہ سال 12 دسمبر کو جنوبی وزیرستان میں دہشت گردوں کے حملے میں شہید ہوگئے تھے۔
شہید کی نماز جنازہ پورے اعزاز کے ساتھ وہاڑی میں ان کے آبائی گاؤں 160 ای بی میں ادا کرنے کے بعد انہیں لاہور میں سپردخاک کیا گیا تھا۔