LIVE

جھوٹی خبروں کے سنگین نتائج نکل سکتے ہیں، بلاول زرداری

ویب ڈیسک
January 24, 2018
 

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ غلط معلومات اور جھوٹی خبریں جنگی محاذ کے آلات ہیں اور اِن کے خطرناک نتائج ہو سکتے ہیں۔

سوئٹزرلینڈ میں جاری عالمی اقتصادی فورم کے اجلاس کے دوران ’جھوٹی خبریں اور حقیقی سیاست‘ کے عنوان سے ہونے والے سیشن میں اظہار خیال کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ جھوٹی خبروں نے امریکی صدارتی انتخابات کے دوران نمایاں مقام حاصل کیا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ جھوٹی خبریں زمانہ قدیم سے چلی آ رہی ہیں لیکن لوگوں کو چاہیے کہ وہ تعلیم حاصل کر کے خود کو صحیح معلومات سے باخبر رکھیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سیاستدان میڈیا کو بدنام کرنے کے لیے مختلف الفاظ استعمال کرتے ہیں لیکن معتبر خبریں غیر روایتی قابل اعتماد ذرائع سے بھی حاصل کی جا سکتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جھوٹی خبروں کے خطرناک نتائج برآمد ہوسکتے ہیں۔

جھوٹی خبروں سے متعلق کہا جاتا ہے کہ یہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا پسندیدہ لقب ہے، کچھ روز قبل انہوں نے سوشل میڈیا پر ٹوئٹ کر کے سال کے سب سے جھوٹے نیوز ایوارڈز کا اعلان کیا تھا۔