LIVE

ششانک منوہر زخمی ہونے کی وجہ سے پی ایس ایل پلے آف میچز دیکھنے لاہور نہ آسکے

عبدالماجد بھٹی
April 13, 2018
 

وزارت خارجہ نے ششانک منوہر کو ویزہ جاری کرنے کے انتظامات کرلیے تھے — فوٹو: فائل

بھارت سے تعلق رکھنے والے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے چیئرمین ششانک منوہر پاکستان سپر لیگ تھری کے پلے آف میچز دیکھنے کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی خصوصی دعوت پر لاہور آنے والے تھے تاہم وہ اپنے گھر میں پھسل کر زخمی ہوگئے جس کے بعد انہوں نے پاکستان آنے کا پروگرام منسوخ کردیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی درخواست پر وزارت خارجہ نے ششانک منوہر کو پاکستان کا ویزہ جاری کرنے کے بھی انتظامات کر لیے تھے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ششانک منوہر لاہور تو نہ آسکے لیکن کولکتہ میں ان کی صدارت میں آئندہ ہفتے جب آئی سی سی بورڈ میٹنگ ہوگی تو ششانک منوہر کے سامنے جائیلز کلارک کا خط اور پاکستان کرکٹ بورڈ کی رپورٹ سامنے رکھی جائے گی۔

جائیلز کلارک نے خط ٹیسٹ کھیلنے والے تمام ملکوں کو لکھا ہے۔

پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کی دنیا بھر میں پذیرائی کی جارہی ہے۔ گزشتہ دنوں ہونے والے کوالالمپور میں ایشین کرکٹ کونسل کے اجلاس میں ایک قرار داد پیش کی گئی جس میں مستقبل میں پاکستان کی حمایت کا اعلان کیا گیا۔

مصدقہ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایشیائی ممالک کی جانب سے پاکستان کے حق میں قراد داد کا پاس ہونا پاکستان کرکٹ بورڈ کے لیے سند کی حیثیت رکھتا ہے۔

ایشیائی ملکوں نے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کا خیر مقدم کیا ہے جبکہ ایشین کرکٹ کونسل کے اجلاس میں انگلش کرکٹ بورڈ کے صدر جائیلز کلارک کا خط بھی پڑھ کر سنایا گیا۔

جائیلز کلارک پاکستان سپر لیگ فائنل کے لئے کراچی آئے تھے اور انہوں نے کراچی میں سیکیورٹی انتظامات اور میچ کے لیے کیے گئے انتظامات کی تعریف کی ہے۔