LIVE

ٹوئٹر نے اپنی پرائیویسی سیٹنگز اَپ ڈیٹ کردیں

ویب ڈیسک
April 25, 2018
 

نئی اپڈیٹس کا اطلاق آئندہ ماہ 25 مئی سے ہوگا—۔فائل فوٹو

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر نے اپنی پرائیویسی سیٹنگز اَپ ڈیٹ کرنے کا اعلان کردیا۔

ٹوئٹر کے مطابق پرائیویسی سیٹنگز میں تبدیلی صارفین کی آسانی کے لیے کی جارہی ہے تاکہ وہ اس بات سے آگاہ رہ سکیں کہ ٹوئٹر کمپنی کیسے ان کا ڈیٹا استعمال کرتی ہے۔

یہ تبدیلی برطانوی یونین کے جنرل ڈیٹا پروٹیکشن ریگولیشن (جی ڈی پی آر) اصول کے لیے کی گئی ہے تاکہ کمپنی کی ڈیزائن کردہ پالیسی کو آسانی سے سمجھا جا سکے۔

ٹوئٹر کی جانب سے دیا گیا نوٹیفکیشن—.اسکرین گریب

نئی اَپ ڈیٹڈ پرائیویسی سیٹنگز کے تحت صارفین کو اس حوالے سے با اختیار بنایا جائے گا کہ وہ ٹوئٹر پر موجود اپنی کون سی معلومات کو نمایاں رکھنا چاہتے ہیں یا پھر انہیں خفیہ رکھنا مقصود ہے۔

ایک بلاگ پوسٹ میں ٹوئٹر عہدیدار ڈیمن کیرین نے لکھا ’ہم اس حوالے سے سخت محنت کر رہے ہیں کہ جو صارفین روزانہ ٹوئٹر استعمال کر رہے ہیں ان کی پرائیویسی کی حفاظت کریں‘۔

انہوں نے بتایا کہ ہمارا ماننا ہے کہ صارف کو یہ پتہ ہونا چاہیے کہ وہ جو بھی ٹوئیٹ کر رہا ہے ہم اسے کیسے استعمال کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سب سے اہم بات یہ ہے کہ اس کا مقصد صارف کا پرائیویسی پر مضبوط کنٹرول قائم رکھنا ہے۔

ٹوئٹر کمپنی نے یہ اپ ڈیٹ دنیا بھر کے صارفین کے لیے کردی ہے، جس کا اطلاق آئندہ ماہ 25 مئی سے ہوگا۔