LIVE

نجی بینکوں نے نئی حکومت کو مزید قرض دینے سے انکار کردیا

اشرف ملخم
September 28, 2018
 

Your browser doesnt support HTML5 video.


نجی بینکوں نے نئی حکومت کو قرض دینے سے انکار کر دیا، 8 بینکوں کے کنسورشیم نے کہا کہ پہلے ہی حکومت کو تقریباً 600 ارب روپے قرض دیا ہوا ہے، مزید قرض نہیں دے سکتے۔

حکومت نے پاور سیکٹر کے گردشی قرضوں کی ادائیگیوں کیلئے پرائیوٹ کمرشل بینکوں سے 50 ارب روپے مانگے تھے۔

بینکوں کے انکار پر وزارت خزانہ نے سفارش کرتےہوئے کہا کہ اس بار قرض دے دیں،اگلی بار پچھلی ادائیگیوں کے بغیرنیا قرض نہیں مانگیں گے۔

وزارت خزانہ کی سفارش کے بعد بینکوں نے حکومت کی درخواست پر اگلے ہفتے پھرغور کرنے کا وعدہ کرلیا۔

خیال رہے کہ حکومت نے محرم الحرام اور ہفتہ وار چھٹیوں کے بعد گردشی قرضوں کی ادائیگی کے لیے رقم جاری کرنی تھی۔

اس حوالے سے بینکوں نے پہلے 20 کو رقم جاری کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی تاہم 20 ستمبر کو وزارت خزانہ کو یہ بتایا گیا کہ فوری طور پر رقم جاری نہیں کی جاسکتی اور اس کے لیے انہیں بورڈ آف گورنرز کی منظوری درکار ہے جس میں ایک ہفتہ لگ سکتا ہے۔

تاہم اب بینکوں کی جانب سے مؤقف اپنایا گیا ہے کہ وہ پہلے ہی حکومت کو پاور سیکٹر کے لیے 580 ارب روپے کے قرض دے چکے ہیں لہٰذا اس سیکٹر کے لیے مزید قرض نہیں دے سکتے۔