LIVE

دبئی ٹیسٹ کے تیسرے روز پاکستانی اور کیوی مداح کا دلچسپ ٹاکرا

ویب ڈیسک
November 27, 2018
 

Your browser doesnt support HTML5 video.


دو مختلف ٹیموں کے درمیان کرکٹ میچ ہو اور مداحوں کا آپس میں ٹاکرا نہ ہو، ایسا تو ہی نہیں سکتا۔ ایسا ہی کچھ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلے جارہے دبئی ٹیسٹ کے تیسرے روز بھی ہوا، جہاں اسٹیڈیم میں موجود پاکستانی اور کیوی مداح میں نعروں کا دلچسپ مقابلہ ہوا۔

اسٹیڈیم میں موجود پاکستانی اور کیوی مداح—۔ویڈیو اسکرین گریب

میچ شروع ہوا تو نیوزی لینڈ کا پرچم تھامے ایک کیوی مداح اردو میں نعرے لگاتا نظر آیا، 'جیتے گا بھئی جیتے گا، نیوزی لینڈ جیتے گا'، 'کیوی کیوی'، 'نیوزی لینڈ زندہ باد۔'

کیوی شہری کے برابر میں موجود پاکستانی فین نے بھی نعرہ لگایا، 'پاکستان زندہ باد'، 'پاکستان وِن وِن' (Pakistan win win)۔

جس پر نیوزی لینڈ کے مداح نے  کہا، 'نو نو'۔

تاہم میچ کے دوران جیسے ہی پاکستانی لیگ اسپنر یاسر شاہ نے میچ کا پانسہ پلٹا تو کیوی مداح نے بھی پلٹا کھایا اور اردو میں نعرے لگانے شروع کردیئے، 'جیتے گا بھئی جیتے گا، پاکستان جیتے گا'۔

اور تو اور نیوزی لینڈ کے اس مداح نے 'پاکستان زندہ باد' اور 'جیوے جیوے پاکستان' کے ساتھ ساتھ 'نیوزی لینڈ ہارے گا' کا بھی نعرہ لگا ڈالا۔

جس پر پاکستانی فین نے ایک زبردست قہقہہ لگا دیا۔

واضح رہے کہ گذشتہ روز دبئی ٹیسٹ کے تیسرے دن یاسر شاہ نے نیوزی لینڈ کی پہلی اننگز میں 41 رنز دے کر 8 وکٹیں جبکہ دوسری اننگز میں 2 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

گذشتہ روز ہی انہیں ٹیسٹ کرکٹ میں ایک ہی میدان میں 50 وکٹیں لینے والے تیسرے پاکستانی بولر کا اعزاز بھی حاصل ہوا۔