دبئی ٹیسٹ: یاسر شاہ نے 10 کھلاڑیوں کو آؤٹ کرنے کا پہلے ہی سوچ رکھا تھا

یاسر شاہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین دبئی ٹیسٹ کے تیسرے دن پریس کانفرنس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے— فوٹو: جیو نیوز

پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیگ اسپنر یاسر شاہ نے  دبئی ٹیسٹ میں نیوزی لینڈ کے  10 کھلاڑیوں کو آؤٹ کرنے کا پہلے ہی سے سوچ رکھا تھا۔

دبئی ٹیسٹ کے تیسرے دن نیوزی لینڈ کی پہلی اننگز میں 41 رنز دے کر 8 وکٹیں حاصل کرنے والے یاسر شاہ نے دبئی میں پریس کانفرنس کے دوران  بتایا کہ  تیسرے دن ہوٹل سے گراؤنڈ آتے ہوئے ہی انہوں نے سوچ لیا تھا کہ اس میچ میں انہیں دس کھلاڑی آؤٹ کرنے ہیں۔

اپنی کامیابی پر یاسر شاہ نے اللہ تعالی کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی احسان ہے کہ اُس نے میری سن لی۔

پریس کانفرنس میں لیگ بریک گوگلی بولر نے تسلیم کیا کہ آسڑیلیا کے خلاف کچھ وقفے کے بعد بین الاقوامی کرکٹ میں واپس آنے کے بعد انہیں ردھم حاصل کرنے میں قدرے مشکلات کا سامنا کرنا پڑا لیکن اب ان کے نزدیک سب ٹھیک چل رہا ہے۔

یاسر شاہ نے اپنی کارکردگی کے بارے میں مزید کہا کہ اب وہ جہاں چاہتے ہیں ،گیند گرانے میں کامیاب ہو جاتے ہیں اور اس کیلئے وہ ہر میچ کے ساتھ باقاعدہ منصوبہ بندی کرتے ہیں۔

2 مئی 1986ء کو صوابی میں پیدا ہونے والے یاسر شاہ نے کہا کہ وہ ہر وقت اپنی بولنگ کے بارے میں سوچتے رہتے ہیں، دنیا میں کون بولر کیا کر رہا ہے اس پر وہ کم ہی دھیان دیتے ہیں۔

نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن کو آؤٹ کرنے پر یاسر کا کہنا تھا کہ وہ اسپن بولنگ کو اچھا کھیلتے ہیں ان کی وکٹ نے کارکردگی کا مزہ دوبالا کر دیا۔

مزید خبریں :