LIVE

گوجرانوالہ کے نجی کلینک میں غلط انجیکشن لگنے سے دو خواتین جاں بحق

ویب ڈیسک
December 15, 2018
 

ڈلیوری کے بعد خواتین کو انجیکشن لگائے گئے جس سے دونوں کی حالت بگڑ گئی۔ فوٹو: اسکرین گریب

گوجرنوالہ کے نجی کلینک میں ڈاکٹروں کی مبینہ غفلت کے باعث دو خواتین جاں بحق ہو گئیں۔

گوجرنوالہ کے علاقے راہوالی کے نجی کلینک میں دو خواتین کو ڈلیوری کے لیے لایا گیا تھا تاہم ڈاکٹر کی مبینہ غفلت کے باعث غلط انجیکشن لگنے سے دونوں جاں بحق ہو گئیں۔

واقعے کے خلاف ورثاء نے کلینک کے باہر احتجاج کیا اور توڑ پھوڑ کی۔ صائمہ نامی لیڈی ڈاکٹر اور عملہ کلینک کو تالے لگا کر فرار ہو گیا۔

ورثاءکے مطابق الگ الگ گھرانوں سے تعلق رکھنے والی دونوں خواتین سدرہ اور اقراء کو ڈلیوری کے لیے لایا گیا تھا۔

ایک خاتون کے یہاں بیٹا اور دوسری خاتون کے یہاں بیٹی کی ولادت ہوئی۔

ڈلیوری کے بعد خواتین کو انجیکشن لگائے گئے جس سے دونوں کی حالت بگڑ گئی، دونوں خواتین کو فوری طور پر ڈی ایچ کیو اسپتال لے جایا گیا جہاں وہ دم توڑ گئیں۔

تھانہ کینٹ پولیس نے مقدمہ درج کر کے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔