LIVE

شیخ رشید نے وزیراعظم کو لوٹی ہوئی دولت واپسی لانے کا آسان نسخہ بتادیا

ویب ڈیسک
July 19, 2019
 

آپ نے چوروں کو 9 اسٹار جیلوں میں رکھا ہوا ہے، جیل میں 2، 2 اے سی اور 60 انچ کی اسکرین دی ہوئی ہے: شیخ رشید کا تقریب سے خطاب— فوٹو: فائل 

میانوالی: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے وزیراعظم عمران خان کو لوٹی ہوئی دولت واپس لانے کا آسان نسخہ بتادیا۔

وزیراعظم عمران خان نے وفاقی وزیر ریلوے کے ہمراہ میانوالی ایکسپریس کا افتتاح کیا، میانوالی ایکسپریس لاہور سے براستہ سرگودھا میانوالی جائے گی۔

افتتاحی تقریب سے خطاب میں وفاقی وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ چوروں کو ایک ماہ میانوالی جیل میں رکھیں سارا لوٹا ہوا پیسا واپس کردیں گے۔

انہوں وزیر اعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے چوروں کو 9 اسٹار جیلوں میں رکھا ہوا ہے، جیل میں 2، 2 اے سی اور 60 انچ کی اسکرین دی ہوئی ہے۔ 

ان کا کہنا تھا کہ عدالت میں بھی اے سی اور پھر پروڈکشن آرڈر بھی ان کا  اے سی میں گزرتا ہے۔ شیخ رشید نے وزیراعظم کو مشورہ دیا کہ انہیں ایک ماہ میانوالی کی جیل میں رکھیں سارا لوٹا ہوا پیسا واپس کردیں گے۔

خیال رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف العزیزیہ ریفرنس میں 7 سال قید کی سزا کوٹ لکھپت جیل میں کاٹ رہے ہیں جبکہ سابق صدر آصف علی زرداری جعلی اکاؤنٹس کیس میں نیب کی حراست میں ہیں۔