LIVE

ایشین فٹبال کنفیڈریشن کا پاکستان فٹبال فیڈریشن کے شفاف انتخابات کرانے پر زور

فیضان لاکھانی
November 19, 2019
 

اے ایف سی نے پاکستان میں فٹبال کے فروغ کے حوالے سے پلانز سے کمیٹی کو آگاہ کیا، حمزہ خان،فوٹو:پی ایف ایف 

پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف)کی نارملائزیشن کمیٹی کے عہدیداران نے ملائیشیا میں ایشین فٹبال کنفیڈریشن کے عہدیداران سے ملاقات کی اور پاکستان میں فٹبال کے معاملات اور کمیٹی کے اہداف پر تبادلہ خیال کیا۔

پاکستان فٹبال فیڈریشن کی نارملائزیشن کمیٹی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پی ایف ایف نارملائزیشن کمیٹی کے سربراہ حمزہ خان اور کمیٹی کے رکن کرنل مجاہد ترین نے ملائیشیا کے دارالحکومت کوالالمپور میں ایشین فٹبال کنفیڈریشن( اے ایف سی) کے سیکریٹری جنرل داتو ونڈسر جون اور دیگر عہدیداران سے ملاقات کی۔

نارملائزیشن کمیٹی کے مطابق ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی اور اے ایف سی نے کمیٹی پر اعتماد کااظہار کیا۔ 

 حمزہ خان کا کہنا تھا کہ ان کی اے ایف سی عہدیداران سے مختلف امور پر بات چیت ہوئی ، اے ایف سی نے پاکستان میں فٹبال کے فروغ کے حوالے سے پلانز سے کمیٹی کو آگاہ کیا۔

اے ایف سی سیکریٹری جنرل نے پی ایف ایف نارملائزیشن کمیٹی کو دو بنیادی نکات پر کام کرنے پر زورد یا ، جس میں  پہلا پی ایف ایف کے شفاف انتخابات اور دوسرا پاکستان کی انٹرنیشنل فٹبال مقابلوں میں باقائدگی سے شرکت ہے۔

 حمزہ خان نے یقین دہانی کرائی کہ پاکستان فٹبال فیڈریشن کی نارملائزیشن کمیٹی اپنے مینڈیٹ کے مطابق تمام کام بخوبی انجام دے گی۔

واضح رہے کہ فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے پاکستان میں کھیل کے معاملات کو حل کرنے کے لیے رواں سال ستمبر میں نارملائزیشن کمیٹی کا اعلان کیا تھا جس کا چیئرمین  کراچی یونائیٹڈ فٹبال کلب کے سابق کپتان حمزہ خان کو مقرر کیا گیا تھا۔

فیفا کے مطابق کمیٹی کا کام پاکستان فٹبال فیڈریشن میں کلبز کی رجسٹریشن اور اسکروٹنی کرانا، الیکشن کے قوانین ترتیب دینا، پہلے ڈسٹرکٹ پھر صوبائی سطح پر الیکشن کروانا اور اس کے بعد پاکستان فٹبال فیڈریشن کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے انتخابات کرانا ہے۔

یہ تمام کام کراتے ہی کمیٹی تحلیل ہوجائے گی، اسے یہ تمام کام کرنے کیلئے 25 جون 2020 تک کا وقت دیا گیا ہے۔