پاکستان میں فٹبال کی بہتری کیلئے فیفا کا اہم اقدام

فیفا نے پاکستان میں کھیل کے معاملات کو حل کرنے کیلئے نارملائزیشن کمیٹی کا اعلان کردیا— فوٹو: فائل

فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے پاکستان میں کھیل کے معاملات کو حل کرنے کیلئے نارملائزیشن کمیٹی کا اعلان کردیا، کراچی یونائیٹڈ فٹبال کلب کے سابق کپتان حمزہ خان کو کمیٹی کا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے۔

فیفا کے ترجمان کے مطابق پاکستان میں فٹبال کے معاملات چلانے اور فٹبال فیڈریشن میں نئے انتخابات کرانے کیلئے پانچ رُکنی نارملائزیشن کمیٹی کے چیئرمین حمزہ خان ہوں گے جو کہ فٹبالر رہ چکے ہیں۔

پانچ رُکنی نارملائزیشن کمیٹی کے چیئرمین حمزہ خان ہوں گے جو کہ فٹبالر رہ چکے ہیں— فوٹو: فیضان لاکھانی

ان کے علاوہ پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) کے سابق سیکرٹری کرنل مجاہد ترین، جھنگ ڈسٹرکٹ فٹبال ایسوسی ایشن سے تعلق رکھنے والے منیر احمد سندھانہ، سکندر خٹک اور سید حسن نجیب شاہ شامل ہیں۔

فیفا کے مطابق کمیٹی کا کام پاکستان فٹبال فیڈریشن میں کلبز کی رجسٹریشن اور اسکروٹنی کرانا، الیکشن کے قوانین ترتیب دینا، پہلے ڈسٹرکٹ پھر صوبائی سطح پر الیکشن کروانا اور اس کے بعد پاکستان فٹبال فیڈریشن کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے انتخابات کرانا ہے۔

یہ تمام کام کراتے ہی کمیٹی تحلیل ہوجائے گی، اسے یہ تمام کام کرنے کیلئے 25 جون 2020 تک کا وقت دیا گیا ہے۔ فیفا کے مطابق کمیٹی فوری طور پر کام کا آغاز کرے گی اور پاکستان فٹبال فیڈریشن کے روزمرہ کے امور بھی انجام دے گی۔

مزید خبریں :