LIVE

اپنا اکاؤنٹ محفوظ بنائیں، فیس بک کے پرائیویسی ٹول میں 4 نئے فیچرز کا اضافہ

ویب ڈیسک
January 10, 2020
 

 فیس بک کے ماہانہ ایکٹیو یعنی متحرک صارفین کی تعداد ڈھائی ارب کے لگ بھگ ہے— رائٹرز فوٹو

اعداو شمار کی ایک جرمن ویب سائٹ اسٹیٹسٹا کے مطابق فیس بک کے ماہانہ ایکٹیو  یعنی متحرک صارفین کی تعداد ڈھائی ارب کے لگ بھگ ہے اور اس کی مقبولیت میں ہرگزرتے دن کے ساتھ اضافہ ہو رہا ہے لیکن اس کے ساتھ ساتھ صارفین کی سیکیورٹی یعنی معلومات کا تحفظ بھی ایک سنگین مسئلہ ہے۔

اسی لیے فیس بک نے اپنی پرائیویسی چیک اَپ ٹول میں چار نئے فیچرز کو شامل کیا ہے جن کی مدد سے صارفین نہ صرف اپنے اکاؤنٹ کی سیکیورٹی میں اضافہ کر سکتے ہیں بلکہ اس بات کو بھی کنٹرول کر سکتے ہیں کیسے ان کی معلومات استعمال کی جا رہی ہیں۔

فیس نے پرائیویسی چیک اپ ٹول 2014 میں لانچ کیا تھا لیکن اِس ہفتے اس کا نیا ورژن ریلیز کیا گیا جس میں 4 نئے فیچرز شامل ہیں۔

کون آپ کی شیئر کی گئی چیز کو دیکھ سکتا ہے؟

اس نئے پرائیویسی فیچر کی مدد سے صارفین یہ طے کر سکتے ہیں کہ کون ان کی پروفائل میں درج ای میل ایڈریس اور فون نمبر وغیرہ جیسی معلومات کو دیکھ سکتا ہے۔ اسی فیچر کی مدد سے صارف یہ بھی خود طے کر سکتا ہے کون کون ان کی پوسٹ کو دیکھ سکتا ہے۔

کیسے اپنے اکاؤنٹ کو محفوظ بنائیں؟

اس فیچر کی مدد سے صارف کہیں سے بھی اکاؤنٹ لاگ اِن ہونے کی صورت میں الرٹ اور جب کوئی ان کی پروفائل میں جائے گا تو اس کی معلومات بھی حاصل کر سکتا ہے۔

فیس بک لوگ آپ کو کیسے تلاش کر سکتے ہیں؟

اس فیچر کی مدد سے مدد اب صارفین یہ طے کر سکتے ہیں کہ کون انہیں فیس بک پر سرچ کر سکتا ہے اور کون انہیں فرینڈ ریکویسٹ یا ایڈ ریکویسٹ بھیج سکتا ہے۔

فیس بک پر آپ کے ڈیٹا کی سیٹنگ

آپ کی پروفائل میں ڈیٹا سیٹنگز بھی موجود ہیں۔ اس فیچر کی مدد سے صارفین یہ جان سکتے ہیں کہ جن ایپس پر وہ فیس بک کے ذریعے لاگ اِن ہوئے ہیں وہ کونسی معلومات حاصل کر رہی ہیں۔ صارفین ان ایپس کو ڈیلیٹ بھی کر سکتے ہیں جنہیں اب وہ استعمال نہیں کرتے۔

پرائیویسی چیک اَپ پر کیسے جائیں؟

صارفین پرائیویسی چیک اَپ پر سب سے اوپر دائیں جانب "؟" نشان پر کلک کرکے جا سکتے ہیں۔