LIVE

پی آئی اے کو پاکستان سے امریکا کیلیے براہ راست پروازوں کی اجازت مل گئی

ویب ڈیسک
January 22, 2020
 

Your browser doesnt support HTML5 video.

پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائن (پی آئی اے) طویل مدت کے بعد امریکا کے لیے براہ راست پرواز کا آغاز کرے گی۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق  پاکستان سے براہ راست امریکا کی پرواز کے لیے امریکی حکام سے گزشتہ 2 سالوں سے مذاکرات جاری تھے جو اب کامیاب ہوگئے ہیں۔

ترجمان نے بتایا کہ امریکی انتظامیہ نے مئی سے امریکا کے لیے براہ راست پروازیں شروع کرنے کے لیے گرین سگنل دے دیا ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ امریکا کی ہوم لینڈ سیکیورٹی کے عملے نے اس ضمن میں پاکستان کا دورہ بھی کیا تھا جب کہ امریکا کی ٹرانسپورٹ سیکیورٹی اتھارٹی نے  گزشتہ مارچ میں بھی کراچی اور اسلام آباد سے براہ راست پروازوں کے سلسلے میں پی آئی اے کے فلیٹ اور ہوائی اڈوں پر سیکیورٹی کے انتظامات کا آڈٹ کیا تھا۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق آئندہ اپریل سے امریکا کے لیے براہ راست پروازیں شروع کرنے کی اطلاعات تھیں تاہم اب امریکی اداروں نے مئی سے امریکا کے لیے  براہ راست پروازیں شروع کرنے کی اجازت دی ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان سے ابتداء میں نیویارک کے لیے ہفتے میں 3 پروازیں چلائی جائیں گی جن کی تعداد میں بتدریج اضافہ کیا جائے گا۔