LIVE

بدلتے موسم میں بالوں کے مسائل اور ان کا حل

ویب ڈیسک
March 11, 2020
 

فوٹو: فائل

جس طرح موسم سرما آتے ہی ہماری جلد اور بالوں پر اثر انداز ہوتا ہے بالکل اسی طرح موسم سرما جاتے ہوئے بھی بالوں پر اثر انداز ہوتا ہے۔

بدلتے ہوئے موسم میں ہمیں اپنے بالوں کی خاص حفاظت کرنی پڑتی ہے اور اس ضمن میں آج ہم آپ کو ایسے 3 ماسک کے حوالے سے بتانے والے ہیں جن کا استعمال کر کے آپ کے بالوں کی صحت موسم کی تبدیلیوں سے ہر گز متاثر نہیں ہو گی۔

تو چلیں جانتے ہیں کہ یہ 3 ماسک کون سے ہیں۔

خشک بالوں کے لیے کنڈیشننگ ماسک

فوٹو: فائل

بالوں میں صرف شیمپو کرنا بالوں کو خشک کرنے کے ساتھ ساتھ نقصان بھی پہنچاتا ہے اور اگر اسی دوران موسم میں بھی تبدیلی آجائے تو اس سے بال مزید خراب ہو سکتے ہیں۔

ان تمام مسائل سے چھٹکارا حاصل کرنے لیے آج ہم آپ کو ایک ماسک بتانے والے ہیں، ماسک بنانے کے لیے روغنِ ارنڈ (کیسٹر آئل)، بادام کا تیل، گلیسرین، سرکا اور ایک بڑا چمچ پروٹین پاؤڈر لیں۔

ان تمام اجزاء کو اچھی طرح سے ملانے کے بعد اس آمیزے کو سر کی جلد اور بالوں میں اچھی طرح لگائیں اور 30 منٹ بعد بال دھو لیں۔

2۔ چکنے بالوں کیلیے ماسک

فوٹو: فائل

موسمِ گرما میں نمی میں اضافے سے ہمارے بال بھی متاثر ہوتے ہیں جب کہ سر کی جلد بھی چکنی ہو جاتی ہے، اگر آپ کے بال بھی ایسے ہیں تو یہ استعمال کریں۔

سب سے پہلے ایک گلاس میں پانی لیجیے اور اس میں 10 قطرے خوشبودار پودینے کے تیل کے شامل کر لیجیے اور ساتھ ہی ایک بڑا چمچ سرکا بھی ملا لیں۔

اس آمیزے کو بالوں اور سر کی جلد میں 20 سے 30 منٹ تک لگا کر دھو لیں۔

3۔ عام بالوں کیلیے ماسک

فوٹو: فائل

اگر آپ کے بال نہ زیادہ خشک اور نہ چکنے ہیں تو آپ ان عام بالوں کے لیے یہ استعمال کریں۔

ایک چمچ ناریل تیل، ایک چمچ روغنِ ارنڈ، ایک چمچ سرسوں کا تیل اور اس میں دو قطرے روز میری تیل کے شامل کر کے اسے ہلکا گرم کر لیجیے۔

بعد ازاں اس نیم گرم تیل کے آمیزے سے سر کی جلد میں اچھی طرح مساج کریں، ایسا کرنے سے بال چمکدار ہو جاتے ہیں۔

نوٹ: یہ معلومات مختلف انٹرنیشنل جرنلز میں شائع شدہ تحقیقات سے حاصل کی گئی ہیں۔ اگر آپ کسی الرجی یا بیماری میں مبتلا ہیں تو اپنے معالج سے ضرور مشورہ کریں۔