LIVE

حکومت سندھ نے کورونا ایمرجنسی ریلیف آرڈیننس کا مسودہ تیار کر لیا

کامران رضی
April 10, 2020
 

حکومت سندھ نے بجلی اور گیس کے کم یونٹ والے صارفین کو بلوں میں آسانی فراہم کرنے کی تیاری کر لی ہے۔

محکمہ قانون سندھ نے کورونا ایمرجنسی ریلیف آرڈیننس کا مسودہ تیار کر لیا ہے جس کی منظوری گورنر سندھ عمران اسماعیل دیں گے۔ 

گورنر سندھ کی منظوری کے بعد آرڈیننس یکم اپریل سے مخصوص مدت تک پورے سندھ میں نافذ العمل ہو گا۔

 آرڈیننس کے تحت کورونا وائرس سے متاثرہ طبقات کو سماجی، معاشی اور کاروباری ریلیف دیا جائے گا۔ 

مسودے کے مطابق نجی اسکولوں پر 20 فیصد ٹیوشن فیس کی کٹوتی لازم قرار دی گئی ہے، جسے کسی اور مد میں یا مخصوص مدت گزرنے کے بعد بھی وصول نہیں کیا جائے گا۔

آرڈیننس کی مخصوص مدت تک مکان یا دکان مالک کرایہ مؤخر کرنے کا پابند ہو گا، 50 ہزار سے ایک لاکھ روپے تک کا 50 فیصد کرایہ ادا کرنا ہو گا، باقی بعد میں ادا کیا جائے گا مگر  ایک لاکھ سے زائد کرایہ ادا کرنے والوں کو مکمل ادائیگی کرنا ہو گی۔

مکان یا دُکان مالک اگر بیوہ، معذور اور بزرگ شہری ہے تو وہ اس سے مستثنیٰ ہوں گے۔

آرڈیننس کے تحت بجلی، گیس اور  پانی کے بلوں میں بھی صارفین کو ریلیف دیا جائے گا۔

کورونا ایمرجنسی ریلیف آرڈیننس کی خلاف ورزی پر موقع پر سزا ہوگی اور 10 لاکھ روپے تک جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔