LIVE

خیرپور کا علاقہ پیرجو گوٹھ کورونا کا گڑھ بن گیا

ویب ڈیسک
May 09, 2020
 

کراچی: سندھ کے ضلع خیرپور کا علاقہ پیرجو گوٹھ کورونا کیسز کا گڑھ بن گیا۔

ذرائع کے مطابق خیرپور کےعلاقے پیرجو گوٹھ کے 250 سے زائد افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے اور مقامی لوگوں کو کورونا وائرس کا علم بھی نہیں تھا۔

ذرائع نے بتایا کہ وائرس سے سب سے پہلے ایک خاتون متاثر ہوئی جن کے انتقال کے بعد جب کورونا ٹیسٹ کیا گیا تو وہ مثبت آیا۔

ذرائع کے مطابق جن لوگوں نے میت کو غسل دیا وہ بھی متاثر ہوئے جن میں پہلے 10 پھر 30 اور اب تک 250 سے زائد افراد کورونا کا شکار ہوچکے ہیں جب کہ وائرس میں مبتلا افراد کی بڑی تعداد کی علامات ظاہر نہیں ہوئیں۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ علاقے میں بڑے پیمانے پر لوگوں کے ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ کیا گیاہے۔