LIVE

سرفراز احمد نے سینٹرل کنٹریکٹ میں تنزلی پر خاموشی توڑ دی

سہیل عمران
May 20, 2020
 

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد نے  سینٹرل کنٹریکٹ کی اے کیٹیگری سے باہر ہونے پر خاموشی توڑ دی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے گزشتہ ہفتے سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان کیا تو سابق کپتان سرفراز  احمد کو اے کیٹیگری میں برقرار نہیں رکھا گیا تھا بلکہ ان کی یاسر شاہ کے ساتھ ایک درجہ تنزلی ہوئی، اب وہ بی کیٹیگری میں شامل ہیں۔

اس کے علاوہ سرفراز احمد ٹیسٹ اور ٹی20کے بعد ون ڈے کے کپتان بھی نہیں رہے تاہم اب کپتانی اور سینٹرل کنٹریکٹ کی اے کٹیگری کھونے والے سرفراز احمد نے اپنی تنزلی پر خاموشی توڑ دی ہے۔ 

سرفراز احمد نے کہا کہ اتار چڑھاؤ کسی بھی کرکٹر کے کیرئیر کا حصہ ہوتے ہیں، میرے لیے سینٹرل کنٹریکٹ کی اے، بی یا سی کیٹیگری معنی نہیں رکھتی بلکہ  ہر حال میں اللہ کا شکر بجا لانے والا شخص ہوں۔

 سرفراز احمد نے کہا کہ ان کا ہدف سینٹرل کنٹریکٹ کی کیٹیگریز کا حصول نہیں بلکہ قومی کرکٹ ٹیم میں واپسی ہے کیونکہ کسی بھی چیز کا حصول آسان ہوتا ہے مگر اس کو برقرار رکھنا مشکل ہوتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سینٹرل کنٹریکٹ میں پاکستان کے بہترین کرکٹرز شامل ہیں جس کی بی کیٹیگری میں بھی عمدہ کھلاڑیوں کا ایک گروپ ہے تاہم ان کا مقصد قومی ٹیم میں جلد از جلد واپسی ہے، جیسا ہی موقع ملے گا وہ ٹیم میں واپس آئیں گے۔

علاوہ ازیں سرفراز احمد نے اے کیٹیگری میں اپنی جگہ ترقی پانے والے شاہین شاہ آفریدی کو باصلاحیت کرکٹر قرار دیا۔

 انہوں نے کہا کہ نوجوان فاسٹ بولر اچھے کھلاڑی ہیں اور گذشتہ سال ان کی عمدہ کارکردگی ہی سینٹرل کنٹریکٹ میں ان کی ترقی کی اصل وجہ ہے۔ 

سرفراز احمد نے شاہین شاہ آفریدی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ پرامید ہیں کہ شاہین آفریدی بہتر کارکردگی کا تسلسل جاری رکھیں گے۔