LIVE

جب عمران خان کنٹینرز پر بل جلارہے تھے ہم بجلی پیدا کر رہے تھے: خواجہ آصف

ویب ڈیسک
July 07, 2020
 

حکومت کو اپنی صفوں میں موجود لوگوں کی کرپشن نظر نہیں آتی، ان کی اپنی صفوں میں سب حاجی بنے ہوئے ہیں: سابق وزیرخارجہ کی حکومت پر تنقید— فوٹو:فائل 

مسلم لیگ (ن) کے سینیئر رہنما و سابق وزیر خارجہ خواجہ آصف نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان مافیاز کی سرپرستی کررہے ہیں، کسی کو یوٹیلٹی اسٹورز، کسی کو اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) اور کسی کو کابینہ کے ذریعے فائدہ پہنچایا جا رہا ہے۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ بجلی ہماری ضرورت سے وافر مقدار میں موجود ہے، ہم نے فرنس آئل سے بجلی کی طلب بہتر کرنے کے لیے 3 آر ایل این جی پلانٹس لگائے،جب عمران خان کنٹینرز پرچڑھ کر بجلی کے بل جلارہے تھے تو اس وقت ہم بجلی پیدا کر رہے تھے، آج پھر بجلی کی قلت ہے، لوگ بلبلا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی 70 سالہ تاریخ میں بجلی کے اتنے منصوبے نہیں لگے جتنے ہمارے دور میں لگے لیکن اب بجلی کی قلت معیشت کے برے حالات میں اور اضافہ کررہی ہے، عوام اپنے ذہنوں پر زور دے رہے ہیں کہ کوئی ایسا وعدہ جو انہوں نے پورا کیا ہو۔

ان کا کہنا ہے کہ پنجاب میں آٹا اور چینی مہنگے داموں مل رہی ہے، وزیراعظم مافیاز کی سرپرستی کررہے ہیں، ان کی اپنی صفوں میں سارے کرپٹ بیٹھے ہیں، گندم کی فصل کٹنے کے بعد بھی آج پنجاب میں آٹا مہنگا ہے، ہم حکومت کی نا اہلی اور کرپشن کو بے نقاب کرتے رہیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو اپنی صفوں میں موجود لوگوں کی کرپشن نظر نہیں آتی، ان کی اپنی صفوں میں سب حاجی بنے ہوئے ہیں۔

خواجہ آصف  نے مزید کہا کہ عمران خان کنٹینرز پر کیا فرماتے تھے اور آج جب وہ اقتدار میں ہیں تو کیا کررہے ہیں، کسی کو یوٹیلٹی اسٹورز، کسی کو ای سی سی اور کسی کو کابینہ کے ذریعے فائدہ پہنچایا جا رہا ہے۔

’نالائق، نااہل اور ناتجربہ کار وزیراعظم کی وجہ سے ہماری معیشت تباہ ہوگئی‘

مسلم لیگ (ن) کے جنرل سیکرٹری احسن اقبال کا کہنا تھا کہ انرجی، فوڈ اور واٹر سیکیورٹی ہمارا 2025 کا منصوبہ تھا جو ایک ماڈل تھا لیکن اس حکومت نے اسے تہس نہس کردیا۔

انہوں نے کہا کہ بنگلا دیش، سری لنکا، نیپال اور اب افغانستان کی معیشت ہم سے آگے جارہی ہے لیکن نا اہل حکومت کی وجہ سے ملک پیچھے کی طرف جارہا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان مسلم لیگ ن کے منصوبوں کا فیتہ کاٹ رہے ہیں، گوادر کا پراجیکٹ بھی مسلم لیگ کا ہے جس کا ابھی سنگ بنیاد رکھنے جارہے ہیں۔

لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ حکومت سرکاری افسران کے تبادلے کررہی ہے کوئی اس طرح اپنے نوکروں کے ساتھ بھی نہیں کرتا، نالائق، نااہل اور ناتجربہ کار وزیراعظم کی وجہ سے ہماری معیشت تباہ ہوگئی، یہ وہ حکومت ہے جو 2 سال سے بغیر ڈویلپمنٹ کے کام کررہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جب چین کے صدر آئے تو عمران خان کنٹینر پرکھڑے ہوکر کہہ رہے تھے کہ مہنگے قرضے دینے آرہے ہیں، آج کہہ رہے ہیں کہ سی پیک سے پاکستان کا مستقبل روشن ہوگا، کیا عمران خان نے چین سے معافی مانگی؟ ایک وزیر کہہ رہے ہیں کہ احسن اقبال نے ملتان موٹروے کی تعمیر میں پیسے کھائے، ان کے متنازع بیانات نے سی پیک کو متنازع کیا۔