LIVE

بارش کے دوران نشیبی اور کنڈے والے علاقوں میں بجلی بند کی ہے: کے الیکٹرک

ویب ڈیسک
July 26, 2020
 

کراچی میں بادل برستے ہی متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی ہے جس سے شہری پریشانی میں مبتلا ہو گئے ہیں۔

بجلی معطل ہونے کے حوالے سے ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ بارش کے دوران ان چند علاقوں میں بجلی بند کی ہے جو نشیبی ہیں یا پھر وہاں کنڈے لگے ہیں۔

ترجمان کےالیکٹرک کا کہنا ہے کہ سڑک پر پانی موجود ہونےکے باعث بجلی کا انفرا اسٹرکچر متاثر ہوتا ہے  لہذا حکومتی اداروں سے اپیل ہے  کہ نکاسی آب تیزی سے عمل میں لائیں۔

شہر میں  رین ایمرجنسی نافذ

دوسری جانب وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ کی ہدایت پر   واٹر بورڈ میں رین ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔

ترجمان واٹر بورڈ کے مطابق مینیجنگ ڈائریکٹر واٹر بورڈ خالد شیخ نے ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کر دی ہیں اور  عملہ برساتی پانی کی نکاس کے لیے تمام تر وسائل بروئےکار لا رہا ہے۔

ترجمان کے مطابق ڈی واٹرنگ پمپس نشیبی علاقوں اور اہم شاہراہوں پر تعینات کر دیے گئے ہیں۔

ترجمان نے بتایا کہ واٹر بورڈ کا رین ایمرجنسی آپریشن بغیر  وقفےجاری رہے گا اور واٹر بورڈ کا کمپلین سینٹر  رات گئے تک شہریوں کی شکایات درج کرےگا۔

علاوہ ازیں ترجمان واٹر  بورڈ نے بتایا کہ شہر کو پانی فراہم کرنے والے واٹر بورڈ دھابیجی گھارو پپری پمپنگ اسٹیشنز کی بجلی بند ہے جس سے کراچی کو پانی کی فراہمی بند ہے اس لیے شہری پانی احتیاط سے استعمال کریں۔