Time 26 جولائی ، 2020
پاکستان

کراچی میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش، مختلف واقعات میں 5 افراد جاں بحق

کراچی کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش کے بعد گرمی کا زور ٹوٹ گیا تاہم شاہراہوں پر پانی جمع ہو نے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

شہر کے مختلف علاقوں ملیر، ماڈل کالونی، سعود آباد، نیو کراچی، ائیرپورٹ، لانڈھی، کورنگی، گلستان جوہر، گھارو اور اطراف کے علاقوں میں تیز آندھی کے ساتھ وقفے وقفے سے ہونے والی  بارش  سے  شدید گرمی اور حبس کا زور ٹوٹ گیا۔

 موسلادھاربارش کے بعد شاہراہوں پر پانی جمع ہو گیا اور گاڑیاں بند ہونے سے شہریوں کو  پریشانی کا سامنا کرنا پڑا،گلستان جوہر  بلاک 12 میں پانی جمع ہونے سے کھڑی گاڑیاں ڈوب گئیں جب کہ اسکیم 33 میں واقع رہائشی سوسائٹی میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا۔

یونیورسٹی روڈ اور ماڈل کالونی کی سڑکوں پر بھی پانی جمع ہوگیا اور نالوں کی صفائی نہ ہونے سے کئی علاقوں میں گندا پانی سڑکوں پر آگیا۔

تھدو ڈیم بھی پانی کی مسلسل آمد سے بھرنے لگا ہے  جب کہ سپر ہائی وے مویشی منڈی میں بارش کے بعد بیوپاریوں کو کاروبار متاثرہونے کا خدشہ ہے اور خریداروں کو قیمت کم ہونے کی امید ہے۔

مختلف علاقوں میں بارش کے باعث 550 سے زائد فیڈر متاثر ہونے سے شہر کے 80 فیصد علاقوں کو بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔

 کرنٹ لگنے سمیت مختلف واقعات میں 5 افراد جاں بحق

بارش کےدوران کرنٹ لگنےکے مختلف واقعات میں بچے سمیت 3افراد جاں بحق بھی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق گلشن حدید فیز 2 میں کرنٹ لگنے سے ایک بچہ جاں بحق ہوا جب کہ لانڈھی قذافی ٹاؤن میں کرنٹ لگنے سے 22 سالہ نوجوان اور گارڈن فوارہ چوک کے قریب گھر میں کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔

اس کے علاوہ  اورنگی سیکٹر ساڑھے 11 میں نالے میں گر کر ایک شخص کی موت ہوگئی جب کہ بن قاسم ٹاؤن میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔

ادھر ریسکیو ذرائع کے مطابق کورنگی میں نالے میں بچی گرگئی ہے جس کی تلاش کا کام جاری ہے۔

بارش کے باعث پروازوں کا شیڈول بھی متاثر 

بارش کے باعث پروازوں کا شیڈول بھی متاثر ہوا ہے اور اسلام آباد، پشاور اور دبئی سے کراچی آنے والی پروازوں کو لاہور ائیر پورٹ پر اتار دیا گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گلستان جوہر یونیورسٹی روڈ میں 78.5ملی میٹر،سرجانی میں 68.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جب کہ  جناح ٹرمینل پر57.8ملی میٹر،صدر 51 ملی میٹر اور کیماڑی میں  48.5ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔

نارتھ کراچی 47.3 ،فیصل بیس 43ملی میٹر،ناظم آباد 27.5 ، پی اے ایف بیس مسرورمیں 18ملی میٹر، لانڈھی میں 15ملی میٹر  اور گلشن حدید میں 86 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق  مون سون کے تیسرے اسپیل کے متعلق اندازے غلط ثابت ہوئے ہیں اور شہر میں اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ رات میں تیز بار ش کا سلسلہ دوبارہ شروع ہوسکتا ہے  جو کل دوپہر تک وقفے وقفے سے جاری رہ سکتا ہے۔

مزید خبریں :