LIVE

یاسر شاہ سے بدزبانی پر سزا کیوں سنائی؟ اسٹیورٹ براڈ اپنے والد سے ناراض

ویب ڈیسک
August 12, 2020
 

پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں یاسر شاہ پر نازیبا جملہ کسنے پر بطور میچ ریفری کرس براڈ نے اسٹیورٹ براڈ پر جرمانہ اور ایک ڈی میرٹ پوائنٹ دیا تھا— فوٹو:فائل

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلے ٹیسٹ میں میزبان ٹیم کے فاسٹ بولر اسٹیورٹ براڈ ، یاسر شاہ کو نازیبا الفاظ بولنے پر سزا سنانے والے اپنے والد اور میچ ریفری کرس براڈ سے ناراض ہوگئے۔

کرکٹ کے گراؤنڈ میں میچ کے دوران اکثر ایسا ہوتا ہے کہ جیتی ہوئی ٹیم میچ ہار جاتی ہے اور ایک ناقابل شکست ٹیم کو بھی شکست کا منہ دیکھنا پڑتا ہے۔

کرکٹ گیم ہی میرٹ کا ہے اور ایسا ہی واقعہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلے ٹیسٹ میں دیکھنے میں آیا جہاں میچ ریفری کرس براڈ نے غلطی پر اپنے بیٹے اسٹیورٹ براڈ کو سزا سنادی۔

اس کے بعد انگلینڈ کے فاسٹ بولر اسٹیورٹ براڈ اپنے والد کرس براڈ سے  ناراض ہوگئے ہیں اور انہیں کرسمس کارڈ کی فہرست سے بھی خارج کر دیا ہے۔

مانچسٹر ٹیسٹ میں یاسر شاہ کو آؤٹ کر کے اسٹیورٹ براڈ نے جملہ کسا تھا جس پر میچ کے بعد آئی سی سی ریفری کرس براڈ نے اپنے بیٹے اسٹیورٹ کو قصور وار قرار دیتے ہوئے نہ صرف 15 فیصد میچ فیس جرمانہ کیا بلکہ ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی ایوارڈ کیا۔

والد کی جانب سے دیا گیا ڈی میرٹ پوائنٹ 24 ماہ میں اسٹیورٹ کا تیسرا ڈی میرٹ پوائنٹ ہے، ایک اور غلطی انہیں ایک ٹیسٹ میچ سے باہر کردے گی۔

اسٹیورٹ نے والد کی جانب سے دی گئی سزا پر ناراضی کا اظہار کیا اور اپنی ٹوئٹ میں انہیں اس فہرست سے خارج کردیا ہے جنہیں وہ کرسمس پر کارڈ اور تحفہ بھیجیں گے۔

خیال رہے کہ میزبان انگلینڈ نے پہلے ٹیسٹ میں پاکستان کو 3 وکٹوں سے شکست دیکر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی ہے۔