LIVE

'بلاول خود ویڈیو لنک پر اور عوام کو سڑکوں پر لارہے ہیں'، حکومتی رہنماؤں کا ردعمل

ویب ڈیسک
November 26, 2020
 

وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹوزرداری کی صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔

بلاول کے کورونا میں مبتلا ہونے پر اپنے بیان میں شبلی فراز نےا یک ٹوئٹ میں کہاکہ اللہ تعالیٰ بلاول بھٹو زرداری کو شفا کاملہ عطا فرمائے، بلاول سمیت تمام مریضوں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہیں۔

شبلی فراز کا کہنا تھاکہ کورونا لیڈرز اور عوام میں کوئی تفریق نہیں کرتا،اپوزیشن رہنما خدارا ایک دوسرے کی صحت اورعوام کی زندگیوں کا خیال کریں۔

سینیٹر فیصل جاوید خان نے بلاول بھٹو زرداری کے ٹوئٹ پر جواب دیا کہ یہ کیسا ظلم ہے کہ خود ویڈیو لنک پر اور عوام کو سڑکوں پر لارہے ہیں، اپنا خیال رکھنے کے ساتھ عوام کا بھی خیال رکھیں،ہوش کےناخن لیں،ان جلسوں کاکوئی فائدہ نہیں۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ شہباز گِل نے کہاکہ ڈھٹائی کی حدوں کو چھوتے لیڈر جلسے کرکے عوام کی جانوں سے کِھلواڑ کر رہے ہیں،بلاول نے خود کو کورونا کی وجہ سے قرنطینہ کرلیا ہے، ضرور کریں اپنی جان کی حفاظت آپ کا بنیادی حق ہے لیکن یہی حق عوام کا بھی ہے۔

خیال رہے کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے خود کو قرنطینہ کر لیا ہے اور وہ اپنی رہائش گاہ سے کام جاری رکھیں گے اور پارٹی کے یوم تاسیس کے جلسے سے بذریعہ ویڈیو لنک خطاب کریں  گے۔


انہوں نے تمام کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ  ماسک کا اہتمام کریں، میں آپ کا منتظر ہوں گا۔