LIVE

جنوبی افریقی کرکٹرز ابتدائی ٹریننگ کراچی جم خانہ کے گراؤنڈ میں کرینگے

فیضان لاکھانی
December 11, 2020
 

آئسو لیشن مدت مکمل کرنے کے بعد مہمان کرکٹرز ٹیسٹ وینیو نیشنل اسٹیڈیم پر باضابطہ ٹریننگ شروع کرسکیں گے— فوٹو: فائل

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اگلے ماہ جنوبی افریقی ٹیم کی پاکستان آمد کے موقع پر کراچی میں ٹیم کی ابتدائی ٹریننگ کیلئے ہوٹل سے متصل گراؤنڈ میں انتظامات کررہا ہے۔

جنوبی افریقی ٹیم 16 جنوری کو کراچی پہنچے گی جبکہ پہلا ٹیسٹ 26 جنوری سے ہوگا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے قابل اعتماد ذرائع نے جیو نیوز کو بتایا کہ مہمان کرکٹرز آمد کے بعد ابتدائی 5 سے 7 روز آئسولیشن میں ہوں گے جس کیلئے ہوٹل میں انتظامات کیے گئے ہیں اور آئسولیشن کے دوران ٹریننگ کیلئے ٹیم ہوٹل کے برابر میں واقع کراچی جم خانہ کے کرکٹ گراؤنڈ میں انتظامات کیے جائیں گے۔

اس مقصد کیلئے کراچی جم خانہ کے گراؤنڈ کو بائیو سیکیور ببل کا حصہ بنایا جائے گا۔ آئسو لیشن مدت مکمل کرنے کے بعد مہمان کرکٹرز ٹیسٹ وینیو نیشنل اسٹیڈیم پر باضابطہ ٹریننگ شروع کرسکیں گے۔