LIVE

ایک سے بھلے دو، روسی و برطانوی کورونا ویکسین کو یکجا کرنے کا فیصلہ

ویب ڈیسک
December 11, 2020
 

اس آزمائش میں برطانوی اور روسی سائنسدانوں پر مشتمل ٹیم حصہ لے گی اور دیکھا جائے گا کہ آیا دونوں ویکسینز کی آمیزش سے طیار ہونے والی نئی ویکسین کورونا کیخلاف زیادہ مؤثر ہوتی ہے یا نہیں— فوٹو: فائل

کہتے ہیں ایک سے بھلے دو ہوتے ہیں، اب اسی کے مصداق برطانیہ اور روس نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ اپنی اپنی تیار کردہ ویکسین کو یکجا کرکے کورونا وائرس کا مقابلہ کریں گے۔

برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق برطانیہ میں آکسفورڈ یونیورسٹی کی جانب سے تیار کردہ کورونا ویکسین 'آسٹرا زینیکا' اور روس کی تیار کردہ ویکسین 'اسپوٹنگ وی' کو ملاکر ایک زیادہ طاقتور ویکسین تیار کرنے پر غور کیا جارہا ہے۔

اس آزمائش میں برطانوی اور روسی سائنسدانوں پر مشتمل ٹیم حصہ لے گی اور دیکھا جائے گا کہ آیا دونوں ویکسینز کی آمیزش سے طیار ہونے والی نئی ویکسین کورونا کیخلاف زیادہ مؤثر ہوتی ہے یا نہیں۔

 اس نئی ویکسین کی آزمائش روس میں ہوگی اور اس میں 18 سال سے زائد عمر کے افراد کو شامل کیا جائے گا البتہ کتنے رضاکار اس میں حصہ لیں گے یہ معلوم نہیں۔

کورونا وائرس کی برطانوی اور روسی ویکسین ایک ہی طرح سے کام کرتی ہیں کیوں کہ دونوں کو Sars-CoV-2 کے اسپائیک پروٹین سے حاصل کردہ جینیاتی مواد سے تیار کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ امریکی و جرمنی کمپنی کے اشتراک سے تیار کردہ 'فائزر بائیو این ٹیک ویکسین' بھی میدان میں ہے جس کے استعمال کی منظوری برطانیہ، کینیڈا، بحرین اور سعودی عرب دے چکے ہیں جبکہ امریکا میں اس پر غور جاری ہے۔