LIVE

وینا ملک نے سابق شوہر اسد خٹک کیخلاف ہتک عزت کا دعویٰ دائر کردیا

ویب ڈیسک
January 11, 2021
 

اداکارہ وینا ملک نے سابق شوہر اسد خٹک کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ دائر کردیا۔

لاہور کی سیشن عدالت میں دائر ہتک عزت کے دعوے میں وینا ملک نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ سابق شوہر سے خلع لے رکھا ہے اوربچوں کو بھی عدالت نے میرے حوالے کیا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ اسد خٹک جھوٹے الزامات عائد کرکے میری شہرت کو متاثر کررہے ہیں اور بلیک میل کرنے کیلئے الزامات عائد کررہے ہیں لہٰذا عدالت 100 کروڑ روپے ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دے۔

خیال رہے کہ وینا ملک کے سابق شوہر اسد خٹک بچوں کی حوالگی کیلئے دبئی سے پاکستان آئے ہوئے ہیں۔

اسد خٹک کا کہنا تھا کہ وہ وینا ملک کے خلاف سارے ثبوت لےکر آئے ہیں ، بچوں کو واپس لینے کیلئے قانونی جنگ لڑیں گے۔

واضح رہے کہ وینا ملک نے 2013 میں اسد خٹک سے شادی کی تھی اور ان کے دو بچے ہیں جب کہ انہوں نے 2017 میں اسد خٹک سے خلع لے لی تھی۔