04 جنوری ، 2021
اداکارہ وینا ملک کے سابق شوہر اسد خٹک اپنے بچوں کو لینے پاکستان پہنچ گئے۔
پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وینا ملک کے سابق شوہر اسد خٹک کا کہنا تھا کہ وہ وینا ملک کے خلاف سارے ثبوت لےکر آئے ہیں ، بچوں کو واپس لینے کے لیے قانونی جنگ لڑیں گے۔
اسد خٹک نے الزام لگایا کہ وینا ملک نے میرے بچے دبئی سے اغواء کیے ہیں،2018 میں خلع ہوئی، دبئی میں عدالت نے بچے مجھے دیے تھے، میرے بچے امریکی شہریت بھی رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وینا ملک مجھے اور میری فیملی کو دھمکیاں دے رہی ہیں، مجھے یا میری فیملی کو کچھ ہوا تو ذمہ دار وینا ملک ہوگی،آرمی چیف اور وزیراعظم سے مدد کی اپیل کرتا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ وینا ملک اور اس کی فیملی نے مجھ پر بہت الزامات لگائے، وینا ملک کے خلاف سارے ثبوت لے کر پاکستان پہنچا ہوں، میں اب ان کے سارے سوالات کے جوابات ثبوتوں کے ساتھ میڈیا کو دوں گا، قانونی جنگ لڑوں گا اور اپنے بچے واپس حاصل کروں گا۔