LIVE

لاہور: 1سال قبل ہونے والے اندھے قتل کا معمہ حل، مقتول کی بیوی ہی ملوث نکلی

ویب ڈیسک
July 03, 2021
 

لاہور میں سی آئی اے پولیس نےگرین ٹاؤن کے علاقے میں ایک سال قبل ہونے والے اندھے قتل کا سراغ لگا کر واردات میں ملوث مقتول کی بیوی اور اس کے ساتھی کو گرفتار کر لیا۔

پولیس کے مطابق گرین ٹاؤن کے علاقے میں ایک سال قبل مقتول عارف کو اس کے گھر کی دہلیز پر فائرنگ کرکے قتل کر دیا گیا تھا جس کا مقدمہ مقتول کی بیوی کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا۔

سی آئی اے پولیس نے ایک سال بعد اس اندھے قتل کا سراغ لگاتے ہوئے مقتول کی بیوی عصمت بی بی اور اس کے ساتھی شرافت کو گرفتار کر لیا ہے، ملزمان نے کرائے کے قاتل عاقب کے ذریعے مقتول عارف کو قتل کروایا تھا۔

پولیس کے مطابق ملزمان نے اعتراف جرم بھی کرلیا ہے جبکہ کرائے کے قاتل کی گرفتاری کے لیے بھی چھاپے مارے جا رہے ہیں۔