LIVE

’بگ باس میں اتنی مگن تھی کہ گھر لٹوا دیا تھا‘

ویب ڈیسک
August 01, 2021
 

فوٹوبشکریہ انسٹاگرام

اداکارہ کنزہ ہاشمی نے انکشاف کیا ہے کہ وہ بھارتی رئیلٹی شو بگ باس کی وجہ سے گھر میں ڈکیٹی پڑوا چکی ہیں۔

اداکارہ کنزہ ہاشمی حال ہی میں اداکار سمیع خان کے ہمراہ نجی ٹی وی چینل کے ایک شو میں شریک ہوئیں اور اس دوران انہوں نے ماضی میں پیش آئے ایک واقعے  سے متعلق بتایا۔

اداکارہ نے بتایا کہ یہ 2010کی بات ہے جب ایک روز میں بگ باس دیکھ رہی تھی کہ اسی دوران والدہ نے مجھ سے کہا کہ دروازہ کھول دو، میں شو میں اتنی مگن تھی کہ بغیر  یہ جانے اور  پوچھے کے کون ہے  دروازہ کھول دیا اور  4 سے 5 ڈاکوؤں کو  اپنے ساتھ اندر لے آئی۔

کنزہ ہاشمی نے بتایا کہ کچھ ہی دیر  بعد میں سمجھ گئی کہ وہ لوگ کوئی عام لوگ نہیں بلکہ ڈاکو ہیں لیکن تب تک وہ اندر آچکے تھے، انھوں نے ہم سب کو ایک کمرے میں بند کیا اور پھر گھر کا قیمتی  سامان لوٹنے لگے۔

اداکارہ نے بتایا کہ والدہ اس وقت خاصی  غصے میں تھیں اور  پوچھ رہی تھیں کہ دروازہ کس نے کھولا؟کیوں کہ وہ شاید بھول گئی تھیں کہ انھوں نے مجھے دروازہ کھولنے کا کہا تھا، میں نے بھی ڈانٹ سے بچنے کے جھوٹی کہانی بنا دی کے ڈاکو مجھے دھکا  دے کر گھر میں گھسے تھے۔