LIVE

اودے چوپڑا سے 5 سال تک قریبی تعلق رہا، نرگس فخری کا اعتراف

ویب ڈیسک
September 13, 2021
 

حال ہی میں اداکارہ نے بھارتی میڈیا کو انٹرویو دیا جس میں ان سے بالی وڈ سے کنارہ کشی اختیار کرنے سمیت کئی ذاتی نوعیت کے سوالات پوچھے گئے— فوٹو فائل

امریکا سے تعلق رکھنے والی بالی وڈ کی معروف اداکارہ نرگس فخری نے اپنے اور اداکار اودے چوپڑا کے قریبی رشتے سے متعلق خاموشی توڑ دی۔

حال ہی میں اداکارہ نے بھارتی میڈیا کو انٹرویو دیا جس میں ان سے بالی وڈ سے کنارہ کشی اختیار کرنے سمیت کئی ذاتی نوعیت کے سوالات پوچھے گئے۔

نرگس نے بتایا کہ ’میں اور اودے ایک دوسرے کو 5 سال تک ڈیٹ کرتے رہے، ہمارا کافی قریبی تعلق تھا۔ اودے بھارت میں ملنے والا سب سے خوبصورت انسان تھا۔ میں نے یہ کبھی میڈیا کو نہیں بتایا کیونکہ لوگ مجھے ہمارا رشتہ خفیہ رکھنے کا مشورہ دیتے تھے۔‘

اداکارہ نے انٹرویو کے دوران کہا کہ ’اب مجھے اس بات کا پچھتاوا ہے کہ مجھے پہاڑوں کی چوٹی پر چڑھ کر چیخ چیخ کر بتانا چاہیے تھا کہ میں اس خوبصورت انسان کے ساتھ رشتے میں ہوں۔ سوشل میڈیا بہت فیک ہے، یہاں لوگ وہ نہیں ہوتے جو دکھائی دیتے ہیں۔‘

امریکا میں مقیم نرگس نے بالی وڈ اور بھارت چھوڑنے کے بارے میں بتایا کہ صحت پر برے اثرات پڑنے کے باعث فلموں میں مزید کام کرنے کا ارادہ ترک کیا۔

واضح رہے کہ اداکارہ نرگس فخری نے 2011 میں رنبیر کپور کے ہمراہ فلم  ’راک اسٹار‘ سے کیریئر کا آغاز کیا تھا۔ 2014 میں ان سے متعلق خبریں گردش کرنے لگی تھیں کہ وہ اداکار اودے چوپڑا کے ساتھ رشتے میں ہیں لیکن ان خبروں کی دونوں نے تردید کردی تھی۔