LIVE

وزیراعظم کا کنٹونمنٹ انتخابات کے نتائج پر اظہارتشویش، تفصیلی رپورٹ مانگ لی

ایاز اکبر یوسف زئی
September 14, 2021
 

وزیراعظم  عمران خان نے اجلاس کے دوران پنجاب کے بیشتر علاقوں میں کنٹونمنٹ انتخابات کے نتائج پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت کنٹونمنٹ انتخابات کے نتائج  پر اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزرا، پارٹی قیادت اور ذمہ داروں نے شرکت کی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں کنٹونمنٹ انتخابات میں تحریک انصاف کی کارکردگی پرغور کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم  نے پنجاب کے بیشتر علاقوں میں کنٹونمنٹ انتخابات کے نتائج پر تشویش کا اظہار کیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ کنٹونمنٹ انتخابات کے نتائج سے متعلق تفصیلی رپورٹ دی جائے اور جنوبی، وسطی اور شمالی پنجاب کی الگ الگ رپورٹ بنائی جائیں۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم کل لاہور میں بھی اجلاس کی صدارت کریں گے۔

خیال رہے کہ اپوزیشن جماعت مسلم لیگ (ن) نے کنٹونمنٹ بورڈ انتخابات میں پنجاب میں میدان مارلیا۔

صوبہ پنجاب کے مختلف کنٹونمنٹ بورڈ  کے تمام 113 وارڈز کے غیر سرکاری نتائج  کے مطابق ن لیگ 51 نشستوں کے ساتھ سب سے آگے رہی۔

آزاد امیدوار 32،پی ٹی آئی 28 ، جماعت اسلامی 2 وارڈز میں کامیاب ہوئی جبکہ پیپلز پارٹی ایک بھی نشست حاصل نہ کر سکی۔