13 ستمبر ، 2021
پنجاب کنٹونمنٹ بورڈ کے تمام113 وارڈز کے غیر سرکاری نتائج سامنے آگئے ہیں۔
پنجاب میں مسلم لیگ ن کا پلڑا بھاری رہا ، اپوزیشن جماعت مسلم لیگ ن 51 نشستوں کے ساتھ سب سے آگے ہے۔
صوبہ پنجاب میں کنٹونمنٹ بورڈ کے تمام113 وارڈز کے غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن 51، آزاد امیدوار 32،پی ٹی آئی 28 ، جماعت اسلامی 2 وارڈز میں کامیاب ہوئی جبکہ پیپلز پارٹی ایک بھی نشست حاصل نہ کر سکی ۔
لاہور اور راولپنڈی میں تحریک انصاف کو بری طرح شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
لاہور میں والٹن اور لاہور کینٹ مسلم لیگ ن نے جیت لیے جبکہ چکلالہ کینٹ میں بھی پی ٹی آئی کو اپ سیٹ شکست ہوئی۔
اس کے علاوہ واہ کینٹ میں مسلم لیگ ن نےجیت کر تحریک انصاف کو بڑا دھچکا پہنچایا۔
وہیں گوجرانوالا میں تحریک انصاف نے جیت کر مسلم لیگ ن کو مات دی، اس کے علاوہ بہاولپور، جہلم اور کھاریاں میں تحریک انصاف نے میدان مار لیا۔
ملتان کینٹ کی 10 میں سے 9 نشستیں آزاد امیدوار لے اُڑے۔
دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر و قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہبازشریف نےکہاہے کہ کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات میں ن لیگ پر اپنے ووٹ کے ذریعے اعتماد کا اظہار کرنے پر عوام کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
اپنے بیان میں شہباز شریف کا کہنا تھاکہ کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات میں جو کامیابی مل رہی ہے، عوام کا مسلم لیگ ن پر بھروسے اور یقین کا ثبوت ہے۔