LIVE

نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ: سندھ نے سدرن پنجاب کو 5 وکٹوں سے شکست دیدی

ویب ڈیسک
September 24, 2021
 

خرم منظور نے ذمہ درانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 84 رنز کی شاندار اننگز کھیلی ۔ —فوٹو: پی سی بی ٹوئٹر

نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ  میں سندھ نے سدرن پنجاب کو 5  وکٹوں سے شکست دے دی۔

راولپنڈی میں کھیلے جارہے نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں جمعے کے  روز  پہلا میچ سندھ اور سدرن پنجاب کے درمیان کھیلا گیا۔

سندھ نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، میچ میں سدرن پنجاب نے پہلے کھیلتے ہوئے 7 وکٹوں پر 175 رنز بنائے۔

سدرن پنجاب کی جانب سے عامر یامین 43 رنز بناکر نمایاں رہے جب کہ ذیشان اشرف نے 34 اور زین عباس نے 25 رنز بنائے۔

سندھ کی  جانب سے محمد حسنین نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ  انور علی، رومان رئیس، زاہد محمود اور شاہنواز دھانی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

176 رنز کے تعاقب میں سندھ کی 2 وکٹیں 33 رنز پر گر گئیں، شرجیل خان اور شان مسعود 10،10 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جس کے بعد خرم منظور  نے ذمہ درانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 84 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

138رنز پر 5 کھلاڑی آؤٹ ہونے کے بعد انور علی نے جارحانہ انداز اپنایا اور صرف 9 گیندوں پر دو چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 29 رنز کی اننگز کھیلی جب کہ دانش عزیز  بھی 17 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے اور یوں سندھ کی ٹیم نے ہدف چار گیندوں قبل ہی حاصل کرلیا۔